گور نمنٹ ڈگری کالج مینڈھر

 مینڈھر//گور نمنٹ ڈگری کالج مینڈھر میں عمارت کی قلت کی وجہ سے بچوں کی پڑھائی بُری طرح سے متاثر ہو رہی ہے ۔اس وقت کالج میں سینکڑوں کی تعداد میں بچے زیر تعلیم ہیں جبکہ ن کی پڑھائی اور مختلف نصاب کی الگ الگ کلاسوں کیلئے جگہ ہی نہیں ہے جس کی وجہ سے سٹاف ممبران کو مختلف اوقات میں کلاسوں کا اہتمام کر نا پڑتا ہے ور اس عمل سے بچوں کا پورا دن کالج میں ضائع ہو جاتا ہے ۔مقامی لوگوںنے ریاستی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ مینڈھر میں 2005میں ڈگری کالج قائم کیا گیا تھا جبکہ ابتدائی دنوں میں کالج کا کلاس ورک گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول مینڈھر میں چلایا گیا تاہم 2011میں مذکورہ کالج کی عمارت تعمیر کئے جانے کے بعد کالج کا کام کاج مذکورہ عمارت میں منتقل کر دیا گیا لیکن اس کے بعد بچوں کی تعداد کے اعتبارسے مزید عمارت تعمیر نہیں کی گئی ۔جس کی وجہ سے کالج میں زیر تعلیم بچوں کو کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔عمارت کیساتھ ساتھ ابھی تک کالج میں زیر تعلیم بچوں کیلئے ہوسٹل بھی تعمیر نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے دور دراز علاقوں کے بچوں کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا ہے ۔گور نمنٹ ڈگری کالج مینڈھر کے پرنسپل نے بتایا کہ اس وقت عمارت کی قلت کی وجہ سے کالج انتظامیہ کو مسائل کا سا منا کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ عمارت اور ہوسٹل کی زمین و تعمیر کے سلسلہ میں اعلیٰ انتظامیہ کو تحریری طور پر لکھ دیا گیا ہے ۔