گورونانک کا جنم دن مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا

جموں //پوری ریاست کی طرح جموں میں بھی سکھ مذہب کے بانی گورونانک دیو جی کا549 واں جنم دن مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔اس سلسلہ میں گردوارہ چاند نگر جموں سمیت شہر کے تمام گردواروں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ بی بی چاند کور گوردوارہ میںصوبہ کی سب سے بڑی تقریب منعقد ہوئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کرکے گوردوارہ میں ماتھا ٹیکہ اور ملک میں امن و امان اور خوشحالی کے لئے دعائیں مانگیں۔اس موقع پر راگی جتھوں نے بھجن کرتن کر کے عقیدتمندوں کو محظوظ کیا۔ اس موقع پر مقررین نے گورونانک دیو کی زندگی اور تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ گورو نانک دیو جی ایک عظیم سنت تھے اور ان کی تعلیمات آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ ثابت ہوگی۔ انہوں نے ملک میں آپسی بھائی چارے اور باہمی روا داری کے رشتوں کو مضبوط کرنے کے لئے گورو نانک دیو جی کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی۔ اس موقع پر خصوصی لنگر کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ سکھ مذہب کے بانی گورو نانک دیو جی کا جنم غیر منقسم ہندوستان کے لاہور کے تلونڈی ( ننکانہ صاحب ) میں 15اپریل 1469 کو ہو ا اور وفات 22 دسمبر1539 کو شہر کرتار پور میں ہوئی۔گو رونانک دیو جی سکھ مذہب کے بانی اورپہلے گوروبھی تھے۔ دریں اثنا گورنرستیہ پال ملک نے گورو نانک دیو جی کے جنم دن کے موقعہ پر ریاستی عوام کو مبارک باد دی ہے۔ مبارک بادی کے اپنے پیغام میں گورنر نے گورو نانک دیو جی کو امن اور صبر و استقلال کا علمبردار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کی تعلیمات میں بھائی چارے اور رواداری کا راز مضمر ہے۔اُنہوں نے کہا کہ گورو جی نے اپنی پوری زندگی سماجی برابری اور امن کی تعلیمات میں گزاری۔ گورنرنے امید ظاہر کی ہے کہ یہ تہوار ریاست میں امن اور خوشحالی کا پیغام لے کر آئے گا اور ریاست میں بھائی چارے کی روایات مزید مستحکم ہوگی۔ خطہ کے دوسرے اضلاع بشمول ادھم پور، کٹھوعہ اور سانبہ میں بھی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق صوبہ جموں میں ضلعی گوردوارہ پربندھک کمیٹیوں کی جانب سے صوبہ جموں کے سبھی گوردواروں میں ’گور پرب ‘کے موقع پر تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ ریاستی گورنر ستیہ پال ملک کے علا وہ سابق وزرائے اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ، محبوبہ مفتی اور عمر عبداللہ کے علاوہ متعدد دیگر سیاسی رہنمائوں نے گورو نانک دیو جی کے جنم دن پر لوگوں کو مبارکباد پیش کی ہے اور اس موقع پر ریاست کی خوشحالی اور ترقی کے لئے دعا کی ہے۔