گورونانک جینتی | لیفٹیننٹ گورنر اور اُن کے مشیروں، سکھ کارڈی نیشن کمیٹی،چیف سیکریٹری،ڈی جی پی اور بخاری اورکی عوام کو مبارکباد

سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے گورو نانک دیو جی کے جنم دن پرجموں و کشمیر کے لوگوں کو مبارک باد پیش کی ہے۔اَپنے پیغام میںلیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ گورو نانک دیو جی کے پاکیزہ اصول اور بے لوث خدمت بغیر امتیاز کے ایک ہم آہنگ معاشرے کے قیام کا بنیادی جزہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہاکہ گورو جی کی زندگی اور ان کا پیار و محبت، مساوات ، اَمن اور بھائی چارہ کا پیغام آج بھی اِنسانیت کی رہنمائی کرتا ہے۔ اُنہوں نے اُن کو خراجِ عقیدت اَدا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں لوگوں کے درمیان محبت ، سا  لمیت اور باہمی خیر سگالی کی روابط کو مستحکم کرنے کے لئے اُن کے بتائے ہوئے راستے پر عمل کرنے کا عزم کرنا ہوگا۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے اُمید ظاہر کی کہ ہم سب کو گورونانک دیوجی کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا چاہئے ۔ انہوں نے جموں و کشمیر میں امن ، ترقی ،خوشحالی اور عوام کی فلاح کے لئے دعا کی۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیروں بصیر احمد خان، راجیو رائے بھٹناگر اور فاروق خان نے لوگوںکو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ گورو نانک کی زندگی اور پیغام تمام انسانوں کی سچائی ، سادگی اور مساوات پر زور دیتا ہے اور ہماری رہنمائی کرتا رہتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اُن کی تعلیمات ہمیں خوشحال زندگی گزارنے میں مدد کرسکتی ہیں۔ مشیر وںنے گورونانک جی کی تعلیمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی تعلیمات آج کی دنیا کے ساتھ بھی مطابقت رکھتی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ بغیر امتیاز معاشرہ گورونانک جی کا خواب تھااوراسی خواب کی تعبیرکے لئے ہمیں بھی کوشان رہنا چاہئے۔آل پارٹیز سکھ کارڈی نیشن کمیٹی نے گرو نانک کی 551 ویں یوم پیدائش کے موقع پر لوگوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔کمیٹی کے رہنماؤں پرنسپل نرنجن سنگھ ، اجیت سنگھ مستانہ ، سنت سنگھ ، ڈاکٹر جیپال سنگھ بالی ، دویندر سنگھ ، ماسٹر کلدیپ سنگھ اور دیگرذمہ داروں نے گورپورب پر امن و خوشحالی کیلئے دعا کی ہے۔ ایک بیان میں اے پی ایس سی سی کے چیئرمین جگموہن سنگھ رینا نے کہا’’لوگوں کو گورو نانک دیو جی کی تعلیمات پر عمل کرنا چاہئے اور ان کا پیار اور امن کا پیغام دنیا میں عام کرنا چاہئے‘‘۔انہوںنے کہا’’ گورو نانک جی کے بتائے ہوئے راستے پر چل کر حتمی امن حاصل کیا جاسکتا ہے‘‘۔رینہ نے کہا کہ کشمیر گورو نانک کے لئے ایک خاص مقام رکھتا ہے کیونکہ انہوں نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ وادی کا دورہ کیا جس نے کشمیر پر ایک قابل ذکر اثر چھوڑا۔ اگرچہ ، گرو نانک دیو جی نے پوری دنیا میں ذات پات کے نظام اور دباؤ کے خلاف تبلیغ کی۔ اس نے ہزاروں میل پیدل طے کئے ، لوگوں سے انسانیت کے بارے میں خطاب اور تبلیغ کی۔ اس دوران اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے عوام بالخصوص سکھ برادری کو گورونانک کے 551ویں یومِ پیدائش پر مبارکباد پیش کی ہے۔ ایک پیغام میں بخاری نے اُمید ظاہر کی ہے کہ یہ دن لوگوں کے لئے لئے امن اور خوشحالی لیکر آئے گا۔ انہوں نے کہا’’ گوروناناک دیو جی کی عوام کے تئیں خدمات کو ہمیشہ یا د رکھاجائے گا‘‘۔بخاری کے مطابق گورونانک جی نے رسومات اور بدعات کو مسترد کرتے ہوئے دُنیا کے خالق کی سچے من سے بندگی پر زور دیا ہے۔اپنی پارٹی صدر نے کہاکہ لوگوں کو بھائی چارہ اور آپسی یگانگت کے لئے گورو جی کی تعلیمات پر من وعن عمل کرنا چاہئے۔ لوگوں کو ایک دوسرے کے ساتھ پر امن طریقے سے رہتے ہوئے انسانیت خاصکر اپنے ار د گرد ضرورتمند لوگوں کی مدد کرنی چاہئے۔ انہوں نے جموں وکشمیر کے اندر سماج میں اتحاد اور ہم آہنگی کیل ئے دعا کی ہے۔ پارٹی کے دیگر عہدیداران نے بھی سکھ طبقہ کو اِس موقع پر مبارکباد پیش کی ہے۔چیف سکریٹری  بی وی آر سبرامنیم نے مبارکبادی کے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ تہوار گورو نانک دیو کی زندگی اور تعلیمات کا جشن مناتا ہے اور ہمیں اپنی زندگی میں انسانیت کی سچائی ، راستبازی ، ہمدردی اور خدمت کے اصولوں کو اپنانے کی تعلیم دیتا ہے۔چیف سکریٹری نے امید ظاہر کی کہ یہ تہوار بھائی چارے کے رشتوں کو مزید تقویت بخشتا ہے اور امن ، ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز کرتا ہے۔ انہوں نے لوگوں کو تہوار کے دوران کووڈ19 مناسب طرز عمل کی پابندی کرنے کی بھی تاکید کی۔ادھرپولیس کے ڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ نے گورونانک کے یوم پیدائش پرجموں و کشمیر کے عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے پیغام میں ڈی جی پی نے کہا کہ گو رو نانک دیو جی نے دنیا کو روحانیت ، انسانیت ، اخلاقیات ، عقیدت اور سچائی کی ابدی اقدار کا گہرا علم دیا۔ انہوں نے کہا کہ عظیم گورو کی تعلیمات کی بنیادی اقدار کو ہمارے ملک کے اتحاد اور سیکولر نقطہ نظر کو برقرار رکھنے کے لئے کوشش کرنی چاہئے۔ انہوں نے جموں و کشمیر میں دیرپا امن کیلئے دعا بھی کی۔