گورنمٹ گرلز ہائی سکول سلام آباد کی عمارت نذر آتش

 اوڑی//سلام آباد اوڑی میں قائم سرکاری اسکول میں آگ کی واردات پیش آئی ۔ تفصیلات کیمطابق جمعہ کی صبح 6 بجے سلام آباد اور اس کے ملحقہ علاقوں میں اس وقت افرا تفری پھیل گئی جب گورنمٹ گرلز ہائی سکول سلام آباد اوڑی کی 3 کمروں پر مشتمل 1972 میں بنائی گئی پرانی عمارت میں اچانک آگ نمودار ہوئی اور چند منٹوں میں مکمل عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔بتایا جاتا ہے کہ آگ کی واردات میں تین کمروں پر مشتمل یہ عمارت مکمل طور خاکستر ہوگئی اور اس میں موجود تمام سکولی ریکاڈ،کمپیو ٹر روم،لیبارٹری اور لائبریری مکمل طور نذرآتش ہو گئی ۔اگر چہ مقامی لوگوں اور فائراینڈ ایمرجنسی سروس کے اہلکاروں نے آگ پر قابو پانے کی بھر پور کوشش کی مگر آگ اس قدر پھیل چکی تھی کہ قابو میں نہ آسکی۔ ادھر اسکول انتظامیہ نے سکولنذر آتش ہونیکی وجہ محکمہ بجلی کی غفلت شعاری قراردیا ہے۔ گورنمٹ گرلز ہائی سکول سلام آباد کے ہیڈ ماسٹر محمد اقبال خان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کئی برسوں سے ان کے سکول متصل بجلی کی ایک ترسیلی لائن گزرتی ہے ۔ کئی بار انہوں محکمہ بجلی کے اہلکاروں کو اسے ہٹانے کی درخواست کی مگر انہوں نے کوئی غور نہیں کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جب آج صبح علاقے میں تیز ہوائیں چل رہی تھیں اور اسی دوران ترسیلی لائن سکولی عمارت پر گری ہے اور آگ نمودار ہوئی جسکی زد میں آکر سکولی عمارت نذر آتش ہو گئی۔اس سلسے میں اوڑی پولیس نے کیس درج کر کے مزید کاروائی شروع کر دی ہے۔ واضح رہے کہ تین روز قبل آگ کی ایک واردات میں گواس لچھی پورہ بونیار میں 4 رہائشی مکان خاکستر اور 20 مویشی جھلس کر ہلاک ہو گئے تھے ۔