سرینگر//سی پی آئی ایم کے سینئر رہنما و ممبر اسمبلی کولگام محمد یوسف تاریگامی نے کہاہے کہ ریاستی حکومت کی طرف سے گزشتہ مہینے ملازمین، پنشنروں اورصحافیوں کیلئے میڈی کلیم ہیلتھ انشورنس سکیم کو ایک مخصوص کارپوریٹ کمپنی کو فائدہ دینے کیلئے شروع کیاگیاہے ۔اپنے ایک بیان میں تاریگامی نے کہاکہ اس سکیم کیلئے مخصوص کارپوریٹ کمپنی کو کس طریقہ کار سے منتخب کیاگیاہے ،یہ کوئی نہیں جانتا اور اس سے کئی طرح کے شکوک و شبہات جنم لیتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ملازمین کو اس سکیم کے تحت سالانہ 8777روپے پریمیم دیناپڑیں گے ۔تاریگامی نے کہاکہ پالیسی کو حتمی شکل دینے سے قبل حکومت کو تما م فریقین کو اعتماد میں لیناچاہئے اور انتخاب کے طریقہ کار کو عوام کے سامنے لایاجائے ۔انہوںنے کہاکہ یہ ناانصافی اور ملازمین پر بھاری بوجھ ہے کہ حکومت اربوں روپے مالیت کا معاہدہ بغیر قواعد و ضوابط کے ایک کارپوریٹ کمپنی کے ساتھ کررہی ہے ۔ان کاکہناہے کہ مناسب طور پر قیمت کی بولی لگائی جائے اور سب سے کم پریمیم والی کمپنی کا انتخاب کیاجائے ۔تاریگامی کاکہناتھاکہ درجہ چہارم کے ملازم اور آئی اے ایس افسران کیلئے 8777روپے کا یکساںسالانہ پریمیم بھی ناانصافی ہے اور پریمیم متعین کرنے کیلئے تنخواہ کو مد نظر رکھاجائے ۔
گورنمنٹ ہیلتھ انشورنس سکیم
