گورنمنٹ ہائی سکول تھمن کوٹ ویری ناگ

برستی بارشوں میں لوگوں اور طلاب کا احتجاج، سکول پر تالا چڑھایا

 
اننت ناگ//گورنمنٹ ہائی سکول تھمن کوٹ ویری ناگ میں اساتذہ کی کمی اور حالیہ دسویں جماعت کے مایون کن نتائج کیخلاف لوگوں نے احتجاج کرتے ہوئے تعلیمی ادارے کو مقفل کیا۔ مقامی لوگوں کاکہنا ہے کہ گورنمنٹ ہائی سکول تھمن کا درجہ2014میں مڈل اسکول سے بڑھا کر ہائی اسکول کردیا گیا اورفی الوقت نرسری سے دسویں جماعت تک 160طلاب زیر تعلیم ہیں ۔ لوگوں کاکہنا ہے کہ 11جماعتوں کیلئے صرف 6 اساتذہ تعینات ہیں جس کے باعث طلاب بہتر تعلیم پانے سے محروم ہو رہے ہیں ۔مقامی آبادی نے اسکول کو مقفل کرکے محکمہ تعلیم کے خلاف نعرے بازی کی ۔احتجاجی لوگوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف محکمہ تعلیم نے گذشتہ سال Enrollment drive کا ڈھنڈورا پیٹا تو دوسری طرف سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی تعیناتی ضابطے کے تحت نہیں ہورہی ہے جس کے نتیجہ میںطلاب کا مستقبل دائو پر لگا ہوا ہے ۔احتجاجی لوگوں نے مزید بتایا کہ تدریسی عملہ کی کمی کے باعث حال ہی میں میٹرک امتحان میں اسکول سے صرف 1طالب علم کامیاب ہوا جبکہ باقی ناکام ہوگئے ۔برستی بارش میں سراپا احتجاج طلاب و مقامی لوگوں نے اسکول میں تدریسی عملہ کو بڑھانے کی اپیل کی ۔