گورنمنٹ ہائر اسکنڈری سکول ہلارن میں بنیادی ڈھانچے کی کمی

ڈوڈہ //2007 میں قائم ڈوڈہ ضلع کے تعلیمی زون بھٹیاس کی گورنمنٹ ہائر اسکنڈری اسکول ہلارن میں جہاں بنیادی ڈھانچہ کی کمی ہے وہیں پرنسپل، لیکچرار کی 11 سمیت تدریسی و غیر تدریسی عملہ کی 24 اسامیاں خالی پڑی ہوئی ہیں جبکہ 208 زیر تعلیم طلاب کے لئے صرف 3 کمرے موجود ہیں اور 3  لیکچرار، 1ماسٹر، 6 ٹیچر تعینات ہیں جس کی وجہ سے تعلیمی نظام متاثر ہورہا ہے۔کشمیر عظمیٰ کو ملی اطلاع کے مطابق ایک پرنسپل، 11 لیکچرار ،2 ماسٹر ،ٹیچر کی تین، اکونٹ اسسٹنٹ کی 1، سینئر اسسٹنٹ 1،لیبارٹری اسسٹنٹ 1  جبکہ درجہ چہارم کے ملازمین کی پانچ اسامیاں خالی پڑی ہوئی ہیں۔کاہرہ کے مقامی نوجوانوںنے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہائر اسکنڈری سکول میں تدریسی و غیر تدریسی عملہ کی تقریباً دو درجن اسامیاں خالی پڑی ہوئی ہیں جبکہ 208 زیر تعلیم طلباء کے لیے صرف تین کلاس روم ہیں جس کی وجہ سے طلباء کو کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل و آرٹس شعبوں میں زیر تعلیم طلبا کے لیے علیحدہ کلاس روم ہونا لازمی تھا جس سے طلباء بآسانی تعلیم حاصل کر سکتے تھے۔انہوں نے حکام سے خالی پڑی اسامیوں کو پورا کرنے و بنیادی ڈھانچے کی کمی کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔