گورنمنٹ ڈگری کالج بھدرواہ میں زیر تعلیم فرسٹ سمسٹر کے طلاب کا احتجاج | اے بی وی پی کے بینر تلے مظاہرین نے امتحانات میں رعایت دینے کا مطالبہ کیا

ڈوڈہ //گورنمنٹ ڈگری کالج بھدرواہ کے گیٹ کے باہر فرسٹ سمسٹر کے طلاب نے اے بی وی پی کے بینر تلے احتجاج کرتے ہوئے امتحان میں رعایت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔احتجاجی مظاہرین نے 'ہم اپنا حق مانگتے' نہیں کسی سے بھیک مانگتے'' ہم کیا چاہتے انصاف'کے نعرے بلند کرتے ہوئے کہا کہ کوؤڈ 19 کی وجہ سے درس و تدریس کا عمل بری طرح متاثر ہوا اور ان کا سلیبس بھی نامکمل ہے۔ اے بی وی پی کارکن شیوم چنڈیل نے اس موقع پر بولتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی مہلک وباء کے دوران تعلیمی نظام بری طرح متاثر ہوا ہے اور دیگر تعلیمی اداروں کی طرح کالج کے طلاب کا سلیبس بھی مکمل نہیں ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو لے کر کچھ دن قبل پرنسپل ڈگری کالج بھدرواہ کو ایک یادداشت بھی پیش کی گئی تھی لیکن اس کا کوئی مثبت جواب نہیں ملا جس کے پیش نظر آج انہیں احتجاج کرنا پڑا۔ کاشش گپتا نامی ایک اور کارکن نے کہا کہ انٹرنیٹ و دیگر وسائل کی کمی کے باعث بہت سے بچے آن لائن کلاسز میں بھی شریک نہیں ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ فرسٹ سمسٹر کے طلباء کو پچاس فیصد رعایت ملنی چاہیے یا پھر امتحان کی تاریخ میں توسیع کی جائے تاکہ ان کو اچھی طرح پڑھنے کا موقع مل سکے۔اس دوران انہوں نے اے ڈی سی بھدرواہ کو بھی ایک میمورنڈم پیش کیا جس میں فرسٹ سمسٹر کے طلاب کو پچاس فیصد رعایت دینے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اگر ان کی مانگ کو پورا نہیں کیا گیا تو وہ بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے شروع کریں گے۔