سرینگر/جموں کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بدھ کو کہا کہ ایک ایسا تاثر پیدا ہورہا ہے کہ نئی دلی مسلمانان جموں کشمیر کو بے اختیار بنانے کے درپے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گورنر ستیہ پال ملک کے ہاتھوں کشمیر میں بھاجپا ایجنڈا نافذ کرنے کی کوششیں کرکے بھارت آگ سے کھیل رہا ہے۔
ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محبوبہ نے کہا کہ اُس کی پارٹی نے بھاجپا کے ساتھ مخلوط سرکار چلاتے ہوئے جموں کشمیر میں بھاجپا کو اپنا ایجنڈا نافذ کرنے کی اجازت نہیں دی۔
انہوں نے کہا''بھاجپا کے جس ایجنڈا کو ہم نے یہاں جموں کشمیر میں نافذ کرنے کی اجازت نہیں دی اُس کو اب گورنر ستیہ پال ملک کے ہاتھوں نافذ کیا جارہا ہے۔ایسا کرکے بھارت آگ سے کھیل رہا ہے ۔ایک ایسا تاثر پیدا ہورہا ہے کہ مسلمانان ریاست کو بے اختیار بنایا جارہا ہے''۔
محبوبہ نے یہ بھی کہا کہ بھاجپا نے اُن کی پارٹی کو فاریسٹ ایکٹ نافذ کرنے نہیں دیا جو پورے بھارت میں نافذ ہے۔
انہوں نے کہا''بھاجپا نے ہمیں فاریسٹ ایکٹ نافذ کرنے نہیں دیاجو پورے ملک میں نافذ العمل ہے۔ وہ کسی طرح مسلم ریاست کو الگ تھلگ چھوڑنا چاہتے ہیں''۔