سرینگر//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے متعلقہ محکموں کے نوڈل افسروں کو ہدایت دی ہے کہ اُن کی نوٹس میں لائے گئے عوامی مسائل کا نتیجہ خیز حل نکالنے کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں۔مشیر موصوف نے یہ ہدایات کل گورنر گریوینس سیل چرچ لین سرینگر میں مختلف محکموں کے نوڈل افسروں کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران دیں جو انہیں ریفر کئے گئے عوامی مسائل کے نپٹارے کا جائیزہ لینے کیلئے طلب کی گئی تھی۔اس دوران خورشید احمد گنائی نے چرچ لین سونہ وار میں جے کے گورنر شکائتی سیل میں منعقدہ ایک عوامی ملاقات کے دوران60 وفود کے ساتھ ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے ۔ فروٹ ایسوسی ایشن کے نمائیندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مشیر موصوف کو بتایا گیا کہ وادی سے ملک کے دیگر علاقوں بشمول نیپال اور بنگلہ دیش ممالک کو ستمبر سے اکتوبر تک سیب سے لدے پانچ سو ٹرک بھیجے جا رہے ہیں ۔ وفود نے مزید کہا کہ اکتوبر اور نومبر کے دوران 1500 میوہ ٹرک ایک دن میں باہر بھیجی جاتی ہیں ۔ وفود نے مشیر موصوف سے درخواست کی کہ ٹرکوں کو بغیر کسی رکاوٹ کے محکمہ ٹریفک اپنے منزلِ مقصود کی طرف جانے کی اجازت دیں ۔ انہوں نے مغل روڈ کو مزید مرمت کروانے اور وہاں سے ان ٹرکوں کو جانے کی اجازت فراہم کرنے کی درخواست کی ۔جنگلات منڈی ڈونی پورہ اننت ناگ ، کھنموہ انڈسٹریز ایسوسی ایشن ،بار ایسوسی ایشن ڈورو سمیت دیگر کئی وفود نے ملاقات کے دورن اپنے مسائیل سے مشیر کو آگاہ کیا۔ موصوف نے وفود کو یقین دلایا کہ اُن کے مسائل کو مرحلہ وار طریقے پر حل کیا جائے گا ۔
گورنر کے شکایتی سیل میں نوڈل افسروں کی میٹنگ
