گورنر کے شکایتی سیل میں عوامی دربار

سری نگر/ /گورنر کے صلاح کار کے وِجے کمار سے کل گورنر گریوینس سیل سری نگر میں متعدد عوامی وفود نے ملاقات کر کے اپنے مطالبات اُن کے سامنے رکھے۔تقریباً 37وفود نے اجتماعی جبکہ 48 افراد نے انفرادی طور اپنی شکایات مشیر کے سامنے رکھ کر ان کے ازالے کی مانگ کی۔ماحولیاتی پالیسی گروپ کے وفد نے ماحولیاتی پالیسی کو مجوزہ سری نگر ماسٹر پلان سے لنک کرنے ، آبی پناہ گاہوں کو تحفظ فراہم کرنے اور عوامی تقسیم کاری و صحت خدمات سے جُڑے امور سامنے رکھے۔ینگ کشمیر فٹ پاتھ یونین نے ریڈی فروشوں کو مخصوص جگہ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انتظامیہ مسجد اور ویلفیئر کمیٹی چھانہ پورہ ، نوشہرہ کے وفد نے علاقے میں ڈرنیج کے کام کو مکمل کرنے کی مانگ کی ۔ملٹی پرپز ہیلتھ ورکرس،پی ایچ ڈی فارسٹری رہبر جنگلات کے تحت تعینات ملازمین،جے کے ایس ایس بی کے امتحانات میں شامل ہوئے امید واروںکے علاوہ گاندربل ، کولگا م ، بونیاراور بانڈی پورہ سے آئے ہوئے وفود نے صلاح کار کے سامنے اپنے مطالبات رکھے ۔صلاح کار نے تمام وفود کو غور سے سنا اور مطالبات پر بروقت کارروائی کرنے کی یقین دہانی کی۔