گورنر کے شکایتی سیل میں عوامی دربار

سر ی نگر//گورنر کے مشیر کے۔ سکندن کے ساتھ کل یہاں گورنر گریوینس سیل میں متعدد وفود اورافراد ملاقی ہوئے اور اپنے اپنے مسائل ان کے نوٹس میں لائے ۔ عوامی دربار کے دوران مختلف ضلعوں سے تعلق رکھنے والے 50وفود نے مشیرموصوف کے ساتھ ملاقات کی اور اپنے مسائل حل کرانے میں ان کی مداخلت طلب کی۔صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان،صنعت و حرفت کے ڈائریکٹر محمود احمد شاہ ، جے ڈی ہینڈی کرافٹس ساجد یحییٰ نقاش اور کئی دیگر افسران بھی موجود تھے۔پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس آف انڈسٹریز سمیت کئی دیگر وفود نے مختلف محکموں میں کام کر رہے لوگوں کے مسائل کے بارے میں مشیر کو جانکاری دی ۔اِس موقعہ پر ریاستی حکومت کی طرف سے عملائی جارہی کئی سکیموںکی عمل آوری کو بھی زیرِبحث لایا گیا۔کئی کاریگروں نے مشیرکے سامنے مطالبہ کیا کہ دستکاری شعبے میں جدّت لانے کے لئے اقدامات کئے جانے چاہیئے ۔ شالیمار باغ کے نزدیک موجوددکانوں کے مالکان کے وفد نے مشیرسے مطالبہ کیا کہ باغ کے سامنے بیت الخلاء کی سہولیت قائم کی جانی چاہیئے ۔اُنہوںنے مطالبہ کیا کہ کوڑا کرکٹ کو سائنسی طریقے پر ٹھکانے لگایا جانا چاہیئے ۔پلوامہ کے ایک وفد نے ضلع میںآبپاشی سہولیات کو بڑھاوا دینے کا مطالبہ کیا۔ کئی دیگر وفود نے بھی مشیر کے ساتھ ملاقات کی اور اپنے اپنے معاملات اُجاگر کئے ۔کے۔ سکندن نے وفودکے مسائل غورسے سنے اور یقین دِلایا کہ ان پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔اُنہوں نے کئی ایک مسائل کوموقعہ پر ہی حل کرنے کی ہدایات دیں۔