گورنر کے شکایتی سیل میں عوامی دربار منعقد

سرینگر//حکومت کے عوامی رابطہ پروگرام کو جاری رکھتے ہوئے گورنر کے مشیر  کے وجے کمار نے کل جے کے گورنرز گریونس سیل چرچ لین سرنہ وار میں ایک عوامی دربار کے دوران وفود اور افراد کے ساتھ ملاقات کی ۔ اس دربار کے دوران 38 وفود اور 58 افراد نے شرکت کر کے اپنے اپنے مطالبات اجاگر کئے ۔ ایم ایل سی گردھاری لال رینہ نے جموں صوبے سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کی جے کے ایس ایس بی میں دستاویزات کی جانچ پڑتال سرینگر کے بجائے جموں میں کرانے کا مطالبہ کیا ۔ جن دیگر وفود نے کے وجے کمار کے ساتھ ملاقات کی اُن میں سرینگر کے کیرو سین آئیل رٹیلرز ، اوڑی اور لیہہ میں کام کر رہے دو ڈینٹل سرجن ، آیوش ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ، ہیلتھ ایجو کیٹرز ، جی ایم سی سرینگر کے فیجیو تھراپسٹ ، ملٹی ہیلتھ ورکرز ، سول سوسائیٹی فیڈریشن پٹن ، ڈروما راجوری کا وفد ، ڈینٹل ٹیکنیشن ، بانڈی پورہ کے قبائلی طبقے اور دیگر وفود شامل ہیں ۔ ا س کے علاوہ انفرادی سطح پر بھی کئی لوگ مشیر کے ساتھ ملاقی ہوئے اور مختلف محکموں میں التوا میں پڑے ایس آر او 43 معاملات سمیت دیگر معاملوں کو اجاگر کیا ۔ کے وجے کمار نے وفود اور لوگوں کے مسائل غور سے سُنے اور یقین دلایا کہ انہیں ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا ۔ انہوں نے کئی ایک معاملات کو موقعہ پر ہی حل کرنے کی ہدایات دیں ۔