گورنر کی صدارت میں وائس چانسلروں کی میٹنگ

 جموں//گورنر ستیہ پال ملک کی صدارت میں یہاں یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی ۔ گورنر نے زور دے کر کہا کہ یونیورسٹیوں کو تحقیقی سرگرمیوں میں بہتری لانے کے ساتھ ساتھ نصاب کو وقت کے تقاضوں کے مطابق اپ ڈیٹ کرنا چاہئیے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹیوں میں ریاستی سطح کی تحقیقاتی سہولیات اور جدید ساز و سامان دستیاب کیا جانا چاہئیے ۔ گورنر نے نوجوانوں کو کارخانہ داری کی جانب راغب کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹیوں کو اس ضمن میں مناسب کورسز متعارف کرنے ہوں گے ۔ انہوں نے یونیورسٹیوں میں طالب علموں کو سکل ڈیولپمنٹ کی تربیت فراہم کرنے پر بھی زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کے ساتھ منسلک بی ایڈ کالجوں کے کام کاج میں بھی بہتری لائی جانی چاہئیے ۔ گورنر نے زرعی یونیورسٹیوں کو اپنے تحقیقاتی عمل میں بہتری لانے کی تلقین کی تا کہ زرعی سرگرمیوں کو مزید بڑھاوا دیا جا سکے ۔ انہوں نے کسانوں کو جدید تربیت فراہم کرنے پر بھی زور دیا ۔ گورنر نے کہا کہ ریاست جموں کشمیر کو گوشت اور پولٹری مصنورعات بیرون ریاست سے برآمد کرنا پڑتی ہیں انہوں نے ریاست کے اندر ان اشیاء کی پیداوار بڑھانے پر زوردیا ۔ گورنر نے کہا کہ ہر تدریسی سیشن کیلئے ایک کلینڈر ترتیب دیا جانا چاہئیے تا کہ یونیورسٹیوں میں درس و تدریس کے معیار میں بہتری لائی جا سکے ۔ گورنر نے یونیورسٹیوں کے کام کاج کی سراہنا کی ۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں کو این اے اے سی ایکرڈیٹیشن یقینی بنانی چاہئیے ۔ گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے وائس چانسلروں پر زوردیا کہ وہ تعلیم کے مختلف شعبوں میں بہتری لا کر ایک بنچ مارک  قایم کریں ۔ اعلیٰ تعلیم محکمہ کی کمشنر سیکرٹری سریتہ چوہان نے ریاست کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کی کارکردگی کے بارے میں جانکاری دی ۔ سبھی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں نے متعلقہ یونیورسٹیوں کے بارے میں گورنر کو مفصل جانکاری دی ۔ میٹنگ میں گورنر کے پرنسپل سیکرٹری امنگ نرولہ ، سیکرٹری زراعت منظور احمد لون ، وائس چانسلر کشمیر یونیورسٹی پروفیسر طلعت احمد ، وائس چانسلر جموں یونیورسٹی پروفیسر ایم کے دھر ، وائس چانسلر سکاسٹ جموں ڈاکٹر پردیپ شرما ، وائس چانسلر سکاسٹ کشمیر ڈاکٹر نذیر احمد ، وائس چانسلر بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی پروفیسر جاوید مسرت ، وائس چانسلر کلسٹر یونیورسٹی کشمیر پروفیسر شیخ جاوید احمد ، وائس چالنسلر کلسٹر یونیورسٹی جموں پروفیسر انجو بھسین ، وائس چانسلر شری ماتا ویشنو دیوی یونیورسٹی ڈاکٹر سنجیو جین ، وائس چانسلر اسلامک یونیورسٹی پروفیسر مشتاق احمد صدیقی اور محکمہ خزانہ کے ڈائریکٹر جنرل ایم آر اندرابی موجود تھے ۔