گورنر کی جنگجوئوں کو جان سے مارنے پر فورسز کی سراہنا، اہلکاروں کی ہلاکت پر دکھ کا اظہار

سرینگر/جموں کشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک نے منگل کو پنگلنہ پلوامہ میں تین جنگجوئوں کو جان سے مارنے پرفوج ،سی آر پی ایف  اور  پولیس  کی سراہنا کی ۔

ایک بیان کے مطابق انہوں نے چارفوجی اور ایک پولیس اہلکار کی جنگجوئوں کے ہاتھوں ہلاکت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اُن کے گھرانوں کیساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔

گونر ملک نے12سیکٹر کے کمانڈر، بریگیڈیئر ہربیر سنگھ اور ڈی آئی جی جنوبی کشمیر امت کمار اور اُن کے گھروالوں سے بھی اُن کی مزاج پُرسی کیلئے بات کی۔مذکورہ دونوں افسران گذشتہ روز جنگجوئوں کے ہاتھوں معرکہ آرائی کے دوران زخمی ہوئے تھے۔

 اس سے قبل گورنر ملک نے اپنے مشیر وجے کمار کو اُن کے اور دیگر زخمی اہلکاروں کے بہتر علاج و معالجہ کیلئے سرینگر بھیجا تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ملک کیلئے فخر کی بات ہے کہ سینئر افسران جنگجوئوں کیخلاف کارروائیوں میں آگے کی صف میں جاکر لڑتے ہوئے فورسز کی قیادت کرتے ہیں۔گورنر نے خاص کر بریگیڈیئر ہربیر کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ وہ چھُٹی پر تھے لیکن اس کے باوجود اُنہوں نے رضاکارانہ طور واپس آکر اس آپریشن میں حصہ لیا اور اس کی قیادت کی۔

ایک بیان کے مطابق گورنر بذات خود ملک کے مختلف حصوں میں زیر تعلیم جموں کشمیر کے طالب علموں کی حفاظت کو یقینی بنارہے ہیں اور اس معاملے کی خود دیکھ ریکھ کررہے ہیں۔