گورنر نے کشمیر کی ’’مس ہیڈلنگ‘‘کی بات کرکے اعتراف گناہ کیا :انجینئر

سرینگر//عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر رشید نے گورنر ایس پی ملک کے اس بیان کو،کہ ہندوستان نے جموں کشمیر کو ’’مس ہینڈل‘‘کیا ہے،ہندوستان کا اعتراف گناہ قرار دیتے ہوئے تاہم کہا ہے کہ گورنر کو یہ بات جان لینی چاہیئے کہ جس چیز کو وہ ’’مس ہینڈلنگ‘‘کا نام دے رہے ہیں اس نے جموں کشمیر کو تباہ کردیا ہے یہاں تک کہ ریاست میں زائد از پانچ لاکھ قیمتی جانیں تلف ہو چکی ہیں۔انجینئر رشید نے کہا کہ اگر گورنر ملک کو واقعی ایسا لگتا ہے کہ انڈین آرمی ایک قابض فوج نہیں ہے تو پھر انہیں ریڈونی کولگام کا دورہ کرنا چاہیئے کہ جہاں کے لوگ گذشتہ چھ دن سے ایک نئے فوجی کیمپ کے قیام کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔انہوںنے گورنر ملک کی طرفسے سری لنکا اور کشمیر کے حالات کا موازنہ کرنے کو مضحکہ خیز بتاتے ہوئے کہا کہ’’مسٹر ملک کو یہ بات سمجھ لینی چاہیئے کہ سوال تعداد کا نہیں بلکہ وعدوں کی عزت کرنے کا ہے۔اچھی قومیں فوجی طاقت کے بل پر کسی کو دبانے اور غیر ضروری مقابلہ اور موازنہ کرنے کی بجائے ایمانداری کے ساتھ اپنے وعدے پورا کرتی ہیں۔انہوںنے کہا’’فقط کشمیری جنگجوؤں کو ختم کرنے کی باتیں کرکے ایسا لگتا ہے کہ گورنر ملک اس بات کو بھول چکے ہیں کہ کشمیری جنگجو یا یہاں کے دیگر مزاحمتی گروہ ہندوستان کے توڑے اور پامال کردہ وعدوں کی تخلیق ہیں نہ کہ مسئلہ کشمیر جنگجوؤں یا مزاحمتی گروہوں کی تخلیق ہے۔‘‘۔