جموں//گورنر ستیہ پال ملک نے یہاں راج بھون کے احاطے میں 70 ویں 26جنوری تقریبات کے سلسلے میں عصرانہ کا انعقاد کیا ۔ اسمبلی کے سپیکر ڈاکٹر نرمل کمار سنگھ ، چئیر مین قانون ساز کونسل حاجی عنایت علی ، گورنر کے مشیر کے وجے کمار اور کے کے شرما ، ریاستی ہائی کورٹ کے جج صاحبان ، فوج کے شمالی کمانڈر لفٹینٹ جنرل رنبیر سنگھ ، یومِ جمہوریہ پریڈ کے کمانڈر کرنل باسکر سنگھ ، مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے لیڈران اور کئی دیگر اہم شخصیات نے بھی عصرانہ میں شرکت کی ۔ اس عصرانہ میں موجودہ اور سبکدوش ہوئے سینئر سول ،پولیس ، سنٹرل آرمڈ پولیس ، فوج اور ائیر فورس افسر، وائس چانسلر ، وار وڈوز ، میڈیا سے جُڑے افراد بھی شامل ہوئے ۔ اس کے علاوہ مدعو مہمانوں میں سابقہ فوجیوں کی بڑی تعداد اور مختلف شعبوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کئی افراد بھی شامل تھے ۔ گورنر نے مہمانوں کے ساتھ بات چیت کی اور انہیں 26جنوری کی مبارکباد دی ۔