گورنرملک سے سول و فوجی افسران کی ملاقات

سرینگر//صحت و طبی تعلیم محکمہ کے پرنسپل سیکرٹری اٹل ڈولو نے راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کر کے انہیں محکمہ کے مختلف انتظامی امور اور عوام کو بہتر طبی خدمات بہم پہنچانے سے متعلق کوششوں کے بارے میں بتایا ۔ گورنر نے پرنسپل سیکرٹری کو محکمہ میں خالی پڑی آسامیوں کی تعیناتی کے عمل میں سرعت لانے اور پرایمری ہیلتھ سنٹروں میں بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینے کے علاوہ آشا ورکروں کے کام کاج کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا ۔ ادھرکمشنر سیکرٹری جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ ہلال احمد پرے نے  راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کر کے مختلف سرکاری محکموں سے متعلق معاملات اور جی اے ڈی کو سونپے گئے مختلف کاموں کے بارے میں جانکاری دی ۔گورنر نے ملازمین سے متعلق تمام معاملات کے بروقت نمٹارے اور کام کاج میں شفافیت لانے پر زور دیا ۔ دریں اثناء 14 ویں کور کے جی او سی لفٹینٹ جنرل وائی کے جوشی نے راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کر کے بین الاقوامی سرحد اور لائین آف کنٹرول پر موجودہ سیکورٹی صورتحال کے بارے میں جانکاری دی ۔ انہوں نے لداخ خطے کے مختلف علاقوں میں سڑک رابطوں کی تعمیر سے متعلق امور کے علاوہ سرما کی تیاریوں کے بارے میں بھی گورنر کو جانکاری دی ۔ گورنر نے مختلف سلامتی ایجنسیوں اور سول انتظامیہ کے مابین بہتر تال میل پر زور دیا ۔ اس دوران سرحدی حفاظتہ فورس کے ڈائریکٹر جنرل کے کے شرما نے آج راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کر کے انہیں بی ایس ایف کے کام کاج اور بین الاقوامی سرحد پر دراندازی کی کوششوں کے تناظر میں ریاست کی اندرونی اور بیرونی سلامتی صورتحال کے بارے میں بھی جانکاری دی ۔