گورنرسے امیتابھ مٹو،انجینئر رشید اور امباردار ملاقی

 سرینگر//وزیر اعلیٰ کے صلاح کار پروفیسر امیتابھ مٹو نے یہاں راج بھون سرینگرمیں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی۔گورنر اور پروفیسر امیتابھ مٹو نے تعلیم کے شعبہ کی ترقی سے متعلق کئی اہم معاملات جس میں اعلیٰ تعلیمی اداروں اور یونیورسٹیوںکے کام کی طرف خصوصی توجہ مرکوز کرنے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ادھرممبر قانون ساز کونسل ایس ایم امباردار راج بھون سرینگر میں گورنر این این ووہرا سے ملاقات کی اور انہیں اُن نوجوانوں کے بارے میں مطلع کیا جو ریاست کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ایک تعمیر ی رول ادا کرنے چاہتے ہیں۔انہوں نے گورنر کو یونانی و ویٹرنری ڈاکٹروں اور ٹورازم سٹیڈیز میںپوسٹ گریجویٹ طلاب کے مسائل سے بھی آگاہی دلائی۔امباردار کی عوامی خدمت کے جذبے کی ستائش کرتے ہوئے گورنر نے اُن پر زور دیا کہ وہ اپنی سماجی خدمات کو جاری رکھیں۔دریں اثنا اانجینئر رشید ایم ایل اے لنگیٹ نے ریاست کے گورنر این این ووہرا سے راج بھون میںملاقات کی۔رشید نے اپنے حلقہ انتخاب میں مختلف ترقیاتی مسائل کے بارے میں گورنر کو مطلع کیا ۔انہوں نے بنگس اور لپاوادی میں سیاحتی نقشے پرلانے کے لئے گورنر سے اپیل کی۔ گورنر نے انجینئر رشید کے مطالبات غور سے سنے اور تاکید کی کہ وہ علاقے کے سکولوں میں تعلیم کی اَپ گریڈیشن کے لئے اقدامات کریں اور ساتھ میں تما م نوجوانوں کے مفادات کی حفاظت کرنے کے لئے انتھک کوششیں کریں ۔