گورنر،ڈاکٹر فاروق ، محبوبہ مفتی ، خورشید گنائی اور مولانا ہمدانی کی مبارکباد

سرینگر//گورنر ستیہ پال ملک نے ریاستی عوام کو شبِ معراج پر مبارکباد دیتے ہوئے اپنے ایک پیغام میں اُمید ظاہر کی ہے کہ یہ مقدس شب ریاست میں آپسی بھائی چارے کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ ریاستی عوام کیلئے امن ، ترقی اور خوشحالی کا پیغام لیکر آئے ۔ نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے معراج عالم کی تقریب پر مسلمانانِ عالم خصوصاً ریاست کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ اِس عظیم، بابرکت اور فضیلت والے شب کے طفیل ریاستی عوام کو موجودہ مشکلات اور مصائب سے نجات دے۔ اُنہوں نے کہا کہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے اور اسلام کی بدولت ہی دنیا میں ایک صالح نظام کی بنیاد پڑگئی۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام اخوت، پیار محبت، عدل وانصاف ، مساوات اور بھائی چارہ کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے عالم اسلام کی سربلندی، عالم انسانیت کی بقاء ، ریاست کے لوگوں کی خوشحالی اور امن ومان کیلئے دعا کی اور مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ بابرکت شب کے دوران عالم اسلام کی فتح ونصرت، خوشحالی اور ریاست میں مکمل امن وامان کیلئے دعا کریں۔ اُنہوں نے صوبائی انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ شب معراج اور معراج کی تقریبات کے سلسلے میں ضروری خدمات دستیاب رکھیں۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ اور پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال نے بھی مسلمانانِ ریاست کو مبارکباد پیش کی ہے۔پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے عوام کو شب معراج پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کو امن و امان کا گہوارہ بنانے کیلئے حضورؐ کی تعلیمات پر عمل کریں۔انہوں نے کہا کہ اس بابرکت شب پر امن ،محبت،بھائی چارہ اور انسانیت کی فلاح و بہبود کو عام کرنے کی ضرورت ہے ۔ گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے ریاستی عوام کو شب معراج کے مقدس موقعہ پر ریاستی عوام کو مبارک باد دی ہے۔اپنے ایک پیغام میں خورشید احمد گنائی جو جموں وکشمیر وقف بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں، نے اُمید ظاہر کی کہ ریاستی عوام بھائی چارے کی روایات کو قائم رکھیں  ۔اُنہوں نے اس مبارک موقعہ پر ریاست میں امن کی بحالی اور خوشحالی اور ترقی کے لئے دعا کی ہے۔جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے معراج العالم کے موقعہ پر ریاستی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں دین اسلام کی مقدس تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا کرے۔انہوں نے کہا ’’ ہمیں اپنے بچوں کو ابتدا سے ہی قرآن کی تلاوت اور نماز وںکی پابندی کی طرف راغب کرنا چاہئے‘‘۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شب معراج کے طفیل ریاستی عوام کو موجودہ مشکلات سے نجات دے ۔ مولانا نے عالم اسلام کی سربلندی اورریاست کے امن وامان کیلئے دعا کی۔