گورسائی نالہ میں محفل انس با القرآن کا اہتمام

پونچھ//مدرسہ علمیہ امام محمد باقر علیہ السلام حسین آباد گورسائی نالہ کے زیر اہتمام جامع مسجد حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا میں ماہ مبارک رمضان کے دوران خصوصی’’ محفل انس با القرآن‘‘ کے عنوان سے قرآن پاک کی تلاوت کا اہتمام کیا جاتا ہے جہاں ہر روزقرآن پاک کے ایک پارہ کی تلاوت اس انداز سے کی جاتی ہے کہ ایک شخص چند آیتوں کی تلاوت بلندآواز میں کرتا ہے تو دیگرسبھی سنتے ہیں۔یہاں جاری بیان کے مطابق اس دوران وہ تلاوت کلام پاک میں کہیں خطا کرتا ہے تو سننے والے اس کی وہ غلطی ٹھیک کر دیتے ہیں ۔اس طرح جہاں قرآن پاک کے ایک پورے پارہ کی تلاوت ہوتی ہے تو وہیں دوسری جانب قاری کی غلطیوں کی اصلاح بھی ہوتی رہتی ہے۔ اس بار بھی مسجد حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا میں ماہ مبارک رمضان کی پہلی تاریخ سے ’’ محفل انس با القرآن‘‘ کے عنوان سے قرآن پاک کی تلاوت کا اہتمام کیا جا رہا ہے جس میں مدرسہ علمیہ امام محمد باقر علیھا السلام کے طلبہ وا ساتذہ کے علاوہ مقامی لوگ بھی شامل ہوکر ثواب داریں حاصل کررہے ہیں۔واضح رہے کہ حوزہ علمیہ امام محمد باقر(ع) کی جانب سے بعد از نماز مغربین مسجد فاطمہ زہرا(س) میں روزہ دار نمازیوں کے لئے افطاری کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔