کنگن//وسطی ضلع گاندربل کے سمبل بالا گنڈ کنگن میں چار ماہ قبل آر اینڈ بی محکمہ نے نالہ سندھ پر قائم پل کو غیر محفوظ قرار دیکر اس پرلوگوں کو فقط پیدل چلنے کی اجازت دی اور پل پر گاڑیوں کو چلنے پر مکمل طور پر پابندی عائد کی۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ 1992تک گنہ ون سے لیکر سمبل تک اس کی دیکھ ریکھ باڈر روڈس آرگنائزیشن کررہا تھا اور 1992کے بعد اب اس کی دیکھ ریکھ محکمہ آر اینڈ بی کررہا ہے۔ محکمہ نے آج تک پل کی مرمت کے لئے اقدامات نہیں کئے ہیں جس کی وجہ سے ایک وسیع آبادی کو گونا گوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایک مقامی شہری غلام بنی بٹ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اگرچہ پل کو غیر محفوظ قرار دیا گیا لیکن اگر علاقے میں کوئی حادثہ پیش آیا تو اس وقت لوگوں کو مزید مشکلات کو سامنا کرنا ہوگا ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ سمبل گنہ ون سڑک کھبی پسیوں یا اور کسی وجہ سے بند ہوجاتی تھی تو گاڑیوں کو سمبل بالا سے ہی سرینگر یا لداخ کی طرف جانے کی اجازت دی جاتی تھی جس کے لئے اس پل کی کافی اہمیت تھی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سمبل اور اس کے آس پاس کی بستی کے لوگوں کو سمبل بس اسٹاپ پرپہنچنے کیلئے ایک گھنٹے کا سفر کرنا پڑتا ہے۔لوگوں کا مزید کہنا ہے کہ اب موسم سرما کے دوران ان کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پل کی فوری طور پر مرمت کی جائے تاکہ اس وسیع آبادی کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔