گندگی کو ٹھکانے لگانے کیلئے جگہ دستیاب نہیں

مینڈھر //مینڈھر قصبہ کی گندگی کو ٹھکانے لگانے کیلئے جگہ دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کیساتھ ساتھ راہگیر بھی پریشان ہو گئے ہیں ۔انتظامیہ کی جانب سے قصبہ میں جمع ہونے والی گندگی کو ٹھکانے لگانے کیلئے ابھی تک کوئی کسی بھی جگہ کا تعین ہی نہیں کیا جاسکا جس کی وجہ سے لوگ گندگی کو قصبہ کی نالیوں اور دریامیں ہی جمع کررہے ہیں ۔مقامی تاجروں نے بتایا کہ گندگی کو جمع کرنے کیلئے ابھی تک کسی بھی جگہ کی نشاندہی ہی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے لوگ اکثر مینڈھر قصبہ سے بہنے والے دریا میں گندگی پھینک دیتے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ نالوں و نالیوں میں جمع ہونے والی گندگی کی وجہ سے ایک وسیع علاقہ میں بدبو پھیل رہی ہے جس سے تجارتی سرگرمیاں بھی متاثر ہورہی ہیں ۔ٖغور طلب ہے کہ گندگی جمع ہونے کی وجہ سے عام راہگیروں کو دوران آمد ورفت کئی طرح کے مسائل کا سامنا رہتا ہے ۔مقامی لوگوں و تاجروں نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ قصبہ کی گندگی کو ٹھکانے لگانے کیلئے جگہ کا تعین کیا جائے تاکہ عام لوگوں کی مشکلات کم ہو سکیں ۔