گندو میں پولیس پبلک میٹنگ کا انعقاد

 ڈوڈہ//پولیس اور پبلک کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے مقصد سے ایس ایس پی ڈوڈہ محمد شبیر کی ہدایت اور سرپرستی میںایس ڈی پی او گندو کرشن سنگھ نے سنو علاقہ میں ایک پولیس پبلک میٹنگ کا انعقاد کیا جس میں مقامی معززین کی اچھی خاصی تعداد نے شرکت کر کے علاقہ کے مسائل اُجاگر کئے۔ شرکاء نے پولیس انتظامیہ کی وساطت سے کچھ مطالبات حکومت اور متعلقہ حکام کے سامنے رکھے جن میں گورنمنٹ ہائر اسکنڈری ا سکول سنو کی چار دیواری ، اسکول میںپینے کا پانی کی سہولیات فراہم کرنا،پی ایچ سی سنو میں طبی عملہ کی قلت دور کرنا اور گندو تا ۔جطوطہ سڑک پر میکڈم بچھانا وغیرہ شامل ہیں۔ایس ڈی پی او نے لوگوں کو یقین دلایا کہ اُن کے مطالبات کو متعلقہ حکام کی نوٹس میں جائے گا۔ اُنہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سماجی جرائم کے خاتمہ، منشیات ، مویشیوں، غیر قانونی شراب، لکڑی اور جنگلی جڑی بوٹیوں وغیرہ کی سمگلنگ پر قابو پانے کے لئے پولیس کو اپنا بھر پور تعاون فراہم کریں۔اُنہوں نے علاقہ میں آپسی بھائی چارہ کو مزید مضبوط کرنے،  امن و امان کی فضا قائم رکھنے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بنائے رکھنے کی بھی لوگوںسے اپیل کی۔ اُنہوں نے عوام اور پولیس کے درمیان پائی جانے والی دوریوں کو ختم کرنے اور پولیس پبلک تعلقات کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اپنے ما تحت آفیسران واہلکاران کو ہدایت کی وہ عوام کے ساتھ نزدیکی رابطہ بنائے رکھیں اور عوامی مشکلات کا بروقت ازالہ کریں تاکہ اُنھیں عوامی اعتماد حاصل ہو سکے۔