ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کی سب ڈویڑن گندوہ میں پیش آئے دلدوز حادثہ میں 2 حقیقی بھائی جاں بحق ہوئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق گندوہ کے تھلورن گاؤں سے تعلق رکھنے والے عبد الطیف (58)و عبد الرشید(64)ولد غلام محمد ملک اپنی بھیڑوں کے ہمراہ میرانونڑ سرلہ سے منگل کے روز لاپتہ ہوئے تھے جس کے بعد رشتہ داروں نے ان کی تلاش شروع کی اور بدھ کے روز ساڑھے بارہ بجے کے قریب نزدیکی نالہ سے ان کی لاشیں برآمد ہوئیں۔مہلوکین کے ایک رشتہ دار یاسر حسین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ دونوں بھائی بھیڑوں کے ساتھ تھے اور منگل کے روز نزدیکی نالہ میں ان کو نہانے لے گئے تھے جس دوران یہ حادثہ پیش آیا۔ انہوں نے کہا کہ مرنونڑ کے نزدیک موجود تالاب کی گہرائی کافی زیادہ ہے جس میں دونوں بھائی ڈوب کر جاں بحق ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کا گذر بسر مال مویشیوں پر ہی رہتا تھا۔انہوں حکام سے متاثرہ کنبوں کو معقول معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔ایس ڈی پی او گندوہ شہزادہ کبیر متو نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی طور پر یہی معلوم ہوا کہ بھیڑ بکریوں کو دھونے کے دوران یہ حادثہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے اپنے طور پر مزید چھان بین شروع کی ہے۔سابق ایم ایل سی و نائب صدر نیشنل کانفرنس محمد اقبال بٹ، سابق ایم ایل اے بھدرواہ دلیپ سنگھ پریہار ،کانگریس لیڈر غلام مصطفیٰ بٹ، ڈی ڈی سی کونسلر چنگا ندیم شریف نیاز، بی ڈی سی چیئرمین محمد عباس راتھر، نیشنل کانفرنس لیڈر ریاض احمد زرگر نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کی ہے۔ انہوں نے حکام سے متاثرین کو معقول مالی امداد فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
ڈوڈہ میں کووڈ کے 2 نئے معاملات
442540 ٹیکے لگائے گئے
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میںکورونا وائرس کے 2 نئے مثبت معاملات سامنے آئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق بدھ کے روز ضلع میں ہوئی کوؤڈ جانچ کے دوران صرف دو افراد کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی ہے جنہیں ہوم قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ اس طرح سے ضلع میں فعال کیسوں کی بڑھ کر 34 و شفایاب ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد 7672 پہنچ گئی ہے۔ضلع میں اب تک کوؤڈ 19 سے 133 افراد فوت ہوئے ہیں اور 442540 ٹیکے لگائے گئے ہیں۔