گمبھیر ،آکاش سمیت کھلاڑیوں کی آفریدی کیلئے صحتیابی کی دعا

نئی دہلی/ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی اور روایتی کھیل و سیاسی حریف گوتم گمبھیر ،آکاش چوپڑاسمیت متعدد پاکستانی و غیر ملکی کھلاڑیوں نے شاہد آفریدی کے کورونا سے متاثر ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور ان کے جلد صحتیابی کی دعا کی ہے ۔گوتم گھمبیر کا کہنا ہے کہ میرے شاہد آفریدی سے ہمیشہ سیاسی اختلافات رہے ہیں، تاہم امید کرتا ہوں کہ وہ جلد مہلک وبا کو شکست دے کر صحتیاب ہو جائیں گے ۔ گمبھیر کے علاوہ سابق ہندوستانی کرکٹر آکاش چوپڑا نے بھی آفریدی کی جلد صحت یابی کے لئے ٹویٹر پر بات کی۔ انہوں نے یوٹیوب ویڈیو کا اسکرین شاٹ شیئر کیا اور لوگوں سے حساسیت اور انسانیت کو محفوظ رکھنے کے لئے کہا۔ کرکٹر بنے تبصرہ نگار نے لکھا کہ "کیا ہم سنجیدہ ہیں؟" حساسیت … انسانیت … ماضی کی بات ؟ شاہد ، آپ کی جلد صحتیابی کے دعا گو ہیں۔ قدرت آپ کے ساتھ رہے ۔بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مشفق الرحیم نے شاہد آفریدی کے ہمراہ ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ‘شاہد آفریدی کی کورونا میں مبتلا ہونے کی خبر نے انہیں رنجیدہ کردیا ہے ، اللہ شاہد آفریدی کو جلد شفاء عطا فرمائے ۔’انٹرنیشل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ نے بھی شاہد آفریدی کے ٹوئٹ پر ردعمل دیا۔سابق سری لنکن اوپنر سنت جے سوریا نے اپنے پیغام میں لکھا کہ میری دعائیں اور نیک خواہشات شاہد آفریدی کے ساتھ ہیں۔پاکستان کے محمد حفیظ نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر شاہد آفریدی کی صحتیابی کے لیے د[؟]ْعائیہ پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ آپ ایک فائٹر ہیں اور ہمیں اِس بات کا یقین ہے کہ آپ بہت جلد اس وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہوجائیں گے ۔وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل اور فاسٹ بولر سہیل تنویر نے شاہد آفریدی کے ٹوئٹ کے جواب میں لکھا کہ لالا آپ بہت جلد صحتیاب ہوجائیں گے ۔مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے شاہد آفریدی کی صحتیابی کے لیے دعائیہ پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ ‘لالا جس طرح آپ ہر مقابلے میں جیت جاتے ہو اِسی طرح آپ اس وائرس کو بھی شکست دیں گے اور جلد ہی ٹھیک ہوجائیں گے ۔’پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان، سینئیر پلیئر اور آل راؤنڈر شعیب ملک نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ‘شاہد بھائی ہمارے ملک کے لیے آپ کی جو بھی خدمات ہیں وہ ہمیشہ ہمارے دلوں میں یاد رہیں گی۔’کرکٹر احمد شہزاد،اظہر علی، وہاب ریاض، شرجیل خان، عماد وسیم اور عمر امین سمیت دیگر کھلاڑیوں نے بھی شاہد آفریدی کی صحتیابی کے لیے دعائیہ پیغامات جاری کیے ہیں۔یو این آئی ۔