مینڈھر//مینڈھر کے علاقہ گلہوتہ میں لوگ پانی کی ایک ایک بوند کے لئے ترس رہے ہیں جبکہ محکمہ کی طرف سے کئی سال قبل بنائی گئی لفٹ سکیم ادھوری پڑی ہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ محکمہ نے بور ویل نکالنے کے بعد ٹینک اور چوکیدار کے لئے کمرہ بھی کئی سال قبل مکمل کردیاجبکہ ایک سو سے زائد پائپیں بھی پڑی ہوئی ہیں۔انہوں نے محکمہ کے افسران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کیری کانگڑا کے لوگ پانی کی ایک ایک بوند کے لئے ترس رہے ہیں لیکن محکمہ تماشائی بنا بیٹھا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ لاکھوں روپے سکیم پر خرچنے کے بعد مزید کام نہیں کیا گیا ۔انہوں نے ریاستی گورنر و ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ محکمہ کے اعلیٰ آفیسران کے خلاف کارروائی کی جائے جنہوں نے کئی سال سے سکیم کو ادھورا چھوڑا ہوا ہے اور لوگ پانی خرید کر استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سکیم کو جلد مکمل کرکے لوگوں کی پریشانی کو ختم کیا جائے ۔اس ضمن میں جب ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے بات ہوئی تو ان کا کہنا تھا کہ وہ محکمہ کے افسران سے پتہ کروائیںگے اور جلد سکیم کو مکمل کرکے پانی کی سپلائی کا سلسلہ شروع کیاجائے گا۔
گلہوتہ کی لفٹ سکیم کئی سال سے ادھوری
