مشتاق الحسن
ٹنگمرگ//گلمرگ کیبل کار کی ٹکٹیں آن لائن فروخت کرنے پر ٹورسٹ گائڈوں نے ٹنگمرگ میں زبردست احتجاج کرتے ہوئے آف لائن ٹکٹیں دستیاب رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دو ماہ قبل انتظامیہ کی جانب سے سیاحوں کیلئے گلمرگ گنڈولہ کی ٹکٹیں آن لائن کی ہیں جس کی گلمرگ میں سیاحوں کے ساتھ کام کرنے والے گایڈوں نے مخالفت کرتے ہوئے گنڈولہ کی ٹکٹ حسب سابق آف لائن ہی دستیاب رکھنے کا مطالبہ کیا ہے تاہم گنڈولہ انتظامیہ اور ناظم سیاحت ڈاکٹر جی این ایتو نے گائڈوں کے مطالبات کو نظر انداز کیا ہے جس پر گلمرگ میں کام کرنے والے ایک ہزار ٹورسٹ گائڈوں نے ٹنگمرگ میں جمع ہوکر گنڈولہ کی ٹکٹیں آف لائن دستیاب رکھنے کے لیے احتجاجی دھرنا دیکر گنڈولہ انتظامیہ کے خلاف جم کر نعرہ بازی کی۔ ٹورسٹ گائڈوں نے کہا کہ آن لائن ٹکٹ ہونے سے ان کا روز گار اس قدر متاثر ہوا ہے کہ وہ بے روزگار ہوگئے ہیں جبکہ بیشتر گائڈوں کا کہنا ہے کہ وہ فاقہ کشی پر مجبور ہوگئے ہیںکیونکہ سیاحوں کو اب آن لائن ٹکٹ ساتھ ہونے سے وہ گائڈوں کو اپنے ساتھ آنے نہیں دیتے ہیں جس کی وجہ سے ہزار وں گائڈ ٹورسٹ سیزن جوبن پر ہونے کے باوجود بے کاربیٹھے ہوتے ہیں۔ بعد میں تحصیلدار ٹنگمرگ نے احتجاجی گائڈوں کو ان کا مسئلہ اعلیٰ حکام کی نوٹس میں لانے کی یقین دہانی کرائی جس پر ٹورسٹ گائڈوں نے اپنا احتجاج پرامن طور پر ختم کیا۔ادھر ٹنگمرگ سٹیزن فورم اور سماجی کارکن عادل نذیر خان نے بھی گنڈولہ ٹکٹ پرانے طرز پر ہی دستیاب رکھنے کا مطالبہ کیا۔معلوم رہے کہ روزانہ ہزاروں کی تعداد میں سیاح گلمرگ پہنچ کر گنڈولہ سواری کو اولین ترجیج دیتے ہیں تاہم آن لائن بکنگ کی وجہ سے زیادہ تر سیاح گنڈولہ کی سواری سے محروم رہ کر مایوس واپس لوٹ جاتے ہیں۔