گلمرگ میں پہلی بار کھیلو انڈیا کے تحت7مارچ سے سرمائی کھیلوں کا آغاز ہورہا ہے

سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے آج ایک اعلیٰ سطح کی میٹنگ کے دوران گلمرگ میں پہلی بار کھیلو انڈیا کے تحت منعقعد ہورہا ہے سرمائی کھیلوں کے انعقاد کے لئے کی جارہی تیاریوں کاجائزہ لیا۔قومی سطھ پر یہ سرمائی کھیل گلمرگ میں 7مارچ سے11مارچ تک جاری رہیں گے۔میٹنگ میں بتایاگیا کہ ان کھیلوں کے 30پروگراموں میں ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے 830کھلاڑی شرکت کررہے ہیں۔یہ کھلاڑی سنو سیکنگ،سنو بورڈنگ،کراس کنٹری ،سنو شو اورسنو سائیکلنگ کے علاوہ دیگر سرمائی کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔میٹنگ کے دوران شرکأ کھلاڑیوں کوفراہم کی جارہی سہولیات کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔صوبائی کمشنر نے متعلقہ آفیسران کو سرینگر،ٹنگمرگ اور گلمرگ میں دن رات کام کرنے والے کنٹرول روم کا قیام عمل میں لانے کی ہدایت دی۔جب کہ ترقیاتی کمشنر بارہمولہ کو گلمرگ میں میڈیا سینٹر قائم کرنے کی ہدایت دی گئی جہاں قومی میڈیا کے لئے تمام سہولیات دستیاب رکھی جارئیں گی۔جب کہ میڈیکل کیمپس کے قیام کی بھی ہدایت دی گئی۔محکمہ صحت ہوائی اڈے اور قومی شاہراہ پر تمام کھلاڑیوں کی کرونا وائرس کے علامات کے بارے میں جانچ کرے گا تاکہ کسی بھی امکانی صورتحال کے بارے میں اقدامات کئے جاسکیں۔میٹنگ میں ایڈیشنل کمشنر کشمیر،چیف انجینئران کے پی ڈی سی ایل اورتعمیرات عامہ،جوائنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن حارث احمد ہنڈو،سیکریٹری جے اینڈ کے سپورٹس کونسل،جی ایم ایس آر ٹی سی،جی ایم کیبل کار کارپوریشن اورڈویژنل سپورٹس آفیسر کے علاوہ جوائنٹ ڈائریکٹر یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس بھی موجود تھے۔