گلمرگ میں بلدیاتی سہولیات کا فقدان

بارہمولہ// شہر ہ آفاق گلمرگ میں بنیادی سہولیات کا کافی فقدان پایا جارہاہے جس کے نتیجے میں سیاحوں کو زبردست مشکلات کا سامنا ہے ۔ جبکہ بنیادی سہولیات کا فقدان ہونے کے باعث اس خوبصورت جگہ کا وجود خطرے میں پڑگیا ہے۔سیاحوں کا کہنا ہے کہ یہاں سڑکوں پرصفائی کا  زبردست فقدان ہے ،جس کی وجہ سے اُنہیں مشکلات درپیش ہیں ۔انہوں نے کہا ہے کہ چونکہ اس سیزن میں پچھلے برسوںسے زیادہ برفباری ہوئی ہے جس کے نتیجے میں یہاں کی تمام اندرونی سڑکیں خستہ حال ہوچکی ہیں۔ جبکہ ان سڑکوں پر جگہ جگہ گہرے گڑھے بن گئے ہیں  اور مذکورہ سڑکوں کی ناگفتہ بہہ حالت سے سیاحوں اور ٹرانسپورٹروں کو شدید مشکلات پیش آرہی ہیں ۔ ایک مقامی سیاح سمیر احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس سڑک کی حالت ا س قدر خستہ ہے اس پر اب ٹریفک کی نقل وحمل  دشوار بن گئی ہے اور ٹرانسپورٹر بھی مشکل سے ہی ان سڑکوں پر اپنی گاڑیاں چلا رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ سڑکوں کی جو حالت ہے اس کو دیکھ کر یہ لگتا ہے کہ شاید کبھی اس سڑک کی مرمت نہیںکی گئی ہے۔سیاحوں کے مطابق یہی حال یہاں کی صاف صفائی کا بھی ہے ۔ جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر نظر آرہے ہیں ، خاص کر کئی جگہوں پر گوبر جمع ہوگیا ہے تاہم اسکی صفائی عمل میں نہیں لائی جارہی ہے،جس سے یہاں کی خوبصورتی تباہ ہوگئی ہے اور کبھی کبھار سیاح ان جگہوں پر جانے سے انکار کرتے ہیں ۔اسی طرح سے اگر چہ دہائیوں پہلے مرکزی سرکار نے یہاں پر ہوٹل کیلئے ایک بڑی عمارت تعمیر کی تھی جس کے خلاف ریاستی سرکار نے عدالت میں ایک کیس بھی دائر کیا تھا جو اس وقت کھنڈرات میں تبدیل ہوئی ہے جس سے کروڑوں روپے ضائع ہوگئے ہیںاور اس کے علاوہ بھاری برف باری کے دوران کئی ہٹیں بھی گر گئی ہیں تاہم اس طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔سیاحوں نے سرکار اور محکمہ سیاحت سے مطالبہ کیا ہے کہ یہاں پر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کیلئے فوری  اقدامات کئے جائیں تاکہ سیاحو ں کو مشکلات درپیش نہ ہو۔