گلمرگ میں برف سے بنایا گیا تاج محل | 15روز کی کڑی محنت سے 7ہوٹل ملازمین نے تیار کیا

 گلمرگ //سیاحتی مقام گلمرگ میں برف سے تراشا گیا تاج محل سیاحوں کے توجہ کا مرکز بن گیاہے ۔اگرچہ مغل شہنشاہ شاہ جہاں نے اپنی شریک حیات ممتاز محل کی محبت میں سنگ مرمر سے آگرہ میں تاج محل 17ویں صدی میں تعمیر کیا تھا جو دنیا کے سات عجوبوں میں سے ایک ہے اور ہر سال دنیا بھر سے لاکھوں کی تعداد میں سیاح محبت کے اس شاہکار کو دیکھنے کیلئے آتے ہیں۔ وہیں وادی کشمیر کے معروف ہوٹلیئر مشتاق احمد چایا کے گلمرگ میں واقع ہوٹل گرینڈ ممتاز کے ملازمین نے اپنے فن اور محنت کا مظاہرہ کر کے برف پر تراشا ایک خوبصورت تاج محل بناکر ہر ایک کو تعجب میں ڈالدیا ہے۔ ہوٹل گرینڈ ممتاز کے سینئر منیجر پیر شریف الدین نے نامہ نگار کو بتایا کہ ہوٹل کے7 ملازمین نے مسلسل پندرہ روز کی کڑی محنت کے بعد ہوٹل کے صحن میں برف کا تاج محل تیار کیا ہے جو کہ آجکل گلمرگ آنے والے سیاحوں کا خصوصی توجہ کا مرکز بن گیا ہے ۔گلمرگ کی سیر پر آنے والے سیاح برف سے بنے تاج محل کو دیکھنے کیلئے جوق درجوق پہنچ رہے ہیں ۔منفی درجہ حرارت میں تیار کیاگیا تاج محل 15اپریل تک پرکشش رہ سکتا ہے ۔ہوٹل ملازمین کی منفرد کوشش کو سیاحوں نے زبردست سرہنا کی ہے۔ منیجر شریف کے بقول تاج محل بنانے کا مقصد سیاحوں کو راغب کرنے کی ایک کوشش ہے تاکہ سیاحوں کی زیادہ تعداد وادی کی سیر کی طرف راغب ہوسکے ۔