گلمرگ میں اپنی نوعیت کے پہلے کھیلو اِنڈیا وِنٹر گیمز کا افتتاح

گلمرگ//مرکزی وزیر برائے امورِ نوجوان و کھیل کود کرن رجیجو نے آج کہا کہ حکومت ہند جموںوکشمیر میں کھیل کود کی سرگرمیوں کو بڑے پیمانے پرفروغ دینے کی متمنی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ وادی کشمیر کوسرمائی کھیلوں کے لئے ایک اہم مرکز کے طور پر ترقی دی جائے گی۔اِن باتوں کا اِظہار مرکزی وزیر نے آج یہاں گلمرگ میں اپنی نوعیت کے پہلے کھیلو اِنڈیا وِنٹر گیمز کے افتتاح کے بعد کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں کھیل کود کو بڑھاوا دینے کے سلسلے میں کافی مواقع موجود ہیں اور حکومت یہاں کھیل کو د کے بنیادی ڈھانچے کو اَپ گریڈ کرنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات انجام دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں سرمائی کھیلوں کو فروغ دینے کی غرض سے حکومت ہند گلمرگ میں سرمائی کھیلوں کو منعقد کرنے کے لئے ایک نیشنل ایکسلنس سینٹر قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ اِس رہائشی سہولیت کو قائم کرنے کے لئے حکومت ہند رقومات فراہم کرے گی جہاں ایتھلیٹوں کو عالمی سطح کے مقابلوں میں حصہ لینے کے لئے تربیت فراہم کی جائے گی۔مرکزی وزیر نے کہا کہ حکومت معروف ایتھلیٹوں یا سبکدوش ہوئے کھیل کود کے ماہرین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے جموںوکشمیر میں کھیل کود کے مراکز قائم کرے گی ۔اُنہوں نے کہا کہ مختلف کھیلوں سے تعلق رکھنے والے کوچوں کو جموںوکشمیر میں کھیل کود کے مراکز قائم کرنے کے لئے پانچ لاکھ روپے کی رقم فراہم کی جائے گی۔افتتاحی تقریب پر لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان ، ڈی جی سپورٹس اتھارٹی آف اِنڈیا سندیپ پردھان ، میجرجنرل ہائی آلٹی چیوڈ وار فیئر سکول اتل کوشک ،سیکرٹری امور نوجوان و کھیل کود سرمد حفیظ ، ڈی جی امور نوجوان و کھیل ڈاکٹر سلیم الرحمان ،ڈپٹی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر جی این ایتو ،سیکرٹری سپورٹس کونسل ڈاکٹر نسیم جاوید چودھری کے علاوہ سول و پولیس انتظامیہ کے اعلیٰ افسران بھی موجو دتھے۔جموںوکشمیر میں کھیل کود کی صلاحیتوں کی سراہنا کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے مقامی کھلاڑیوں کو قومی و بین الاقوامی ایونٹوں میں تمغے حاصل کرنے کے لئے مبارک باد دی۔اُنہوں نے کہا کہ یہ تاریخی واقعہ نہ صرف جموںوکشمیر کے لئے قابل فخر ہے بلکہ پوری ملک کی شان ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی کو کھیلو اِنڈیا کا آغاز کرنے کے سلسلے میں مبارک باد دیتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ اِن اقدامات کی بدولت ہمارے نوجوان بڑے سے بڑے مقابلے میں حصہ لینے کے قابل بنائے جاسکتے ہیں۔اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ اس ایونٹ کی بدولت جموںوکشمیر میں سیاحتی سرگرمیوں میں بڑے پیمانے پر بڑھاوا حاصل ہوگا۔