گلمرگ اور سونہ مرگ کے پہاڑوں پر ہلکی برفباری، 27تک موسم خشک رہیگا

سرینگر //سیاحتی مقام گلمرگ اور سونہ مرگ کی پہاڑیوں پر دوسرے روز بھی ہلکی برف کی پرت بچھ گئی جس سے درجہ حرارت میں معمولی گراوٹ دیکھنے کو ملی ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ وادی میں 27ستمبر تک موسم خشک رہے گا اور 27اور28کی درمیانی شب وادی کے کچھ ایک علاقوں میں ہلکی سے درمیانہ درجہ کی بارشیں ہوں گی ۔ کنگن سے غلام نبی رینہ کے مطابق سونہ مرگ، زوجیلااور پنجترنی میںجمعرات کو دوسرے روز بھی پہاڑیوں پرہلکی برفباری ہوئی ، جس کی وجہ سے ان علاقوں میں سردی کا آغاز ہوگیا ہے۔ اگرچہ گذشتہ برس نومبر میںعلاقوں کے پہاڑوں پربرفباری ہوئی تھی تاہم امسال ستمبر میں ہی ہلکی برفباری نے ڈھیرہ ڈالا۔ادھر سیاحتی مقام گلمرگ کے افروٹ اور دیگر پہاڑی علاقوں میں جمعرات کی صبح برف کی معمولی پرت بچھ گئی ۔محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق تازہ موسمی صورتحال کی وجہ سے دن اور رات کے درجہ حرارت میں معمولی گراوٹ آئی ہے ۔ سرینگر میں رات کا 15.7ڈگری اوردن کا  25.5ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔گلمرگ میں رات کا  7.0ڈگری اوردن کا 15.5ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ کپوارہ میں رات کا13.0اور دن کا  26.7ڈگری اورپہلگام میں رات کا10.3 اور دن کا  20.5ڈگری ریکارڈ کیا گیا  ۔محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمد نے بتایا کہ سونہ مرگ اور گلمرگ کے بالائی علاقوں میں ہلکی پھلکی برف باری ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ 27ستمبر تک وادی میں موسم ٹھیک رہے گا اور 27اور28کے درمیان جموں وکشمیر کے کچھ ایک علاقوں میں بارشیں ہونے کا امکان ہے ۔