سید اعجاز
ترال//ترال قصبے سے 6کلو میٹر دور گوجر بستی گلشن پورہ میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے جس کی وجہ سے علاقے کی وسیع آبادی کو دور جدید میں بھی طرح طرح کے مشکلات کا سامنا ہے ۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ علاقے میں سال 2002 میں رابطہ سڑک پر کام شروع کیا گیا لیکن تھوڑی مرمت کر کے کام ادھوراہی چھوڑ دیا گیا ۔انہوں نے کہا 20سال گزرنے کے باجود بستی کے یہ چند کلو میٹر تعمیر نہیں ہو سکے ہیں جس کی وجہ سے عوام کو عبور و مرور میں طرح طرح کے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ انہوںنے مزید بتایا کہ گلشن پورہ کے طبی مرکز سے آگے 2کلو میٹر رابطہ سڑک ناقابل آمد ورفت ہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق یہ دو کلو میٹر رابطہ سڑک اب وبال جان بن گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ علاقے میں پینے کے پانی صورتحال بھی انتہائی خراب ہے اور یہی حال طبی شعبے کا بھی ہے۔حالانکہ ایک طبی سنٹر بھی موجود ہے جہاں عملے کی کمی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بستی میں 250 کنبے رہائش پذیر ہیں تاہم پوری بستی میں صرف ایک آنگن واڑی سنٹر موجود ہے لیکن لوگوں کو سرکار اسکیموں کے حوالے سے کوئی جانکاری نہیں ہے۔لوگوں کے مطابق مواصلاتی نظام اور دیگر بنیادی سہولیات بھی نہ ہونے کے برابر ہیںجبکہ بجلی کا نظام بھی ناقص ہے ۔لوگوں نے ایل جی انتظامیہ اورڈپٹی کمشنر پلوامہ سے اس سلسلے میں مداخلت کی اپیل کی ہے ۔