سرینگر//ارشاد احمد//کنہ تار درگاہ میں لوگوں نے بوسیدہ بجلی کھمبوں کو تبدیل کرنے کی مانگ کی ہے۔ گلشن لین کنہ تار نسیم باغ کے مکینوں کاکہنا ہے کہ علاقہ میں ترسیلی لائنوں کیلئے جوکھمبے نصب ہیں، وہ بوسیدہ ہوچکے ہیں اورگرجانے کی صورت میں جانی اور مالی نقصان ہونے کا خدشہ ہے۔ مقامی لوگوں کاکہنا ہے کہ گلشن لین کنہ تار نسیم باغ میںپرانے زمانہ کے بجلی کھمبوں کو نصب کیا گیا تب سے لمبا عرصہ گزرگیا لیکن کھمبوں کو تبدیل نہیں کیا گیا۔ سماجی کارکن فرہان کتاب نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ3 دہائی قبل کنہ تار نسیم باغ علاقہ میں بجلی کے کھمبوں کو نصب کیا گیا تھا جو اب وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بوسیدہ ہوچکے ہیں جس وجہ سے علاقے میں بجلی سپلائی بھی متاثر رہتی ہے جبکہ کھمبوں کے گرنے کا بھی خدشہ ہے ۔ مذکورہ شہری نے کہاکہ ’ہمارا مطالبہ ہے کہ فوری طور پر بوسیدہ کھمبوں کو تبدیل کیا جائے ‘۔
گلشن لین کنہ تار میں بجلی کھمبے خطرے کی علامت
