گلابگڑھ ڈونگہ کا خستہ حال پل انسانی جانوں کیلئے خطرہ

 مہور//سب ڈویڑن مہور کا گلابگڑھ ڈونگہ پل اس طرح کمزور ہوگیا ہے کہ کبھی بھی گر کر کسی بھی شخص کی جان جاسکتی ہے لیکن انتظامیہ کی طرف سے مرمت کرنے کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا۔یہ پل دیول،نہوچ،کیدورہ،برمیدار کو ملاتا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ پل اتنا کمزور ہوگیا ہے کبھی بھی کسی کی جان جا سکتی ہے۔مقامی لوگوں نے کشمیر اعظمیٰ کو بتایا کہ انہوں نے کئی مرتبہ انتظامیہ کے نوٹس میں یہ بات لائی لیکن ابھی تک مرمت کیلئے کوئی انتظام نہیں کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ اس سے پہلے بھی کئی جانیں اس دریا کو عبور کرتے ہوئے گئی ہیں۔لوگوں نے بتایا دو ماہ قبل کانکتی پل سے دو شخص بہہ گئے تھے جن کی نعشیں ابھی تک بازیاب نہیں ہوسکی ہیں۔یہ پل بھی ڈونگہ پل کے تقریبا ایک کلومیٹر کی دوری پر ہے۔اس دریا میں الگ الگ مقامات پر کئی حادثے پیش آئے ہیں۔مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ پچھلے دو سال میں اس طرح کے کئی حادثات پیش آئے لیکن انتظامیہ کو ٹس سے مس تک نہیں۔مقامی لوگوں نے مانگ کی کہ ڈونگہ پل کی مرمت کی جائے ورنہ کبھی بھی کسی کی قیمتی جان جاسکتی ہے۔