عشرت حسین بٹ
منڈی//ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کی پنچایت پلیرہ بی وارڈ نمبر2کی عوام گزشتہ دس روز سے بجلی کی آنکھ مچولی سے پریشان ہے۔ مکینوں کے مطابق ان کے علاقہ میں بجلی کے آنے جانے کا کوئی بھی وقت مقرر نہیں ہے جس کی وجہ سےان سرد ترین راتوں میں گزشتہ دس دن سے اندھیرے میں اپنی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ پنچایت پلیرہ بی کے نائب سرپنچ پرویز احمد خان کے مطابق ان کی وارڈ میں ساٹھ سے زائد کنبہ جات گزشتہ دس روز سے بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے کافی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر شام کو ایک دفعہ بجلی آتی ہے تو دس منٹ کے بعد بجلی چلی جاتی ہے اور پھر اس کے بعد پوری رات انہیں اندھیرے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کل جہاں شدید سردی کا موسم ہے وہیں رات بھر بجلی کا نہ ہونا عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کرتا ہے ا۔ن کا کہنا تھا کہ انہوں نے وارڈ کے مزید لوگوں سمیت بجلی کی آنکھ مچولی کے حوالے سے متعلقہ محکمہ کے ملازمین کو بھی کہا مگر ان کے علاقے کا بجلی نظام گزشتہ دس روز سے بہتر نہیں کیا گیا۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ پونچھ اور متعلقہ محکمہ کے افسران سے اپیل کی ہے کہ ان کے علاقے کا بجلی نظام بہتر بنایا جائے تاکہ ان کی مشکل کا ازالہ ہو سکے۔