سری نگر// شمالی کشمیر کے قصبہ گریز کے تلیل علاقے میں جمعے کی دوپہر کو فوج کا ایک چیتا چاپر گر کر تباہ ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں پائلٹ اور اُس کا ساتھی زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے میجر سنکلپ کو مردہ قرار دیا ۔
دریں اثنا حکام نے بڑے پیمانے پر بچاو آپریشن شروع کر دیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ گریز سے قریب چالیس کلو میٹر دور تلیل کے گجرا نالے میں جمعے کی دوپہر کو فوج کا ایک چیتا چاپر گر کر تباہ ہوگیا۔
انہوں نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا جس دوران پائلٹ کی لاش برآمد کی گئی جبکہ اُس کے ساتھی کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر اُس کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔
دفاعی ذرائع نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ جمعے کے روز گریز کے گجرا نالہ تلیل میں اُس وقت حادثہ پیش آیا جب ہیلی کاپٹر علیل بی ایس ایف اہلکار کو ہسپتال پہنچانے کی خاطر وہاں جا رہا تھا۔
اُن کے مطابق ریسکیو ٹیم نے بعد میں جائے وقوع کے نزدیک پائلٹ کی لاش برآمد کی جبکہ کو پائلٹ کو زخمی حالت میں ہسپتال میں بھرتی کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ چاپر کو کیسے حادثہ پیش آیا اس حوالے سے تحقیقات شروع کی گئی ہے ۔