گریز تک 3 روزہ ٹریکنگ مہم | ڈی سی بانڈی پورہ نے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا

عظمیٰ نیوز سروس

بانڈی پورہ//نوجوانوں میں ایڈونچر اور ایکسپلوریشن کے جذبے کو فروغ دینے کے لیے، ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ، ڈاکٹر اویس احمد نے بدھ کو منی سیکریٹریٹ بانڈی پورہ سے وادی گریز تک تین روزہ ٹریکنگ مہم کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔مختلف عمر کے لڑکوں کے دستے پر مشتمل اس مہم کا انعقاد یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس ڈپارٹمنٹ بانڈی پورہ کر رہا ہے۔

پرچم کشائی کی تقریب میں اے ڈی سی بانڈی پورہ، عمر شفیع پنڈت، ڈی وائی ایس ایس او بانڈی پورہ نذیر احمد کے علاوہ ضلع یوتھ سروسز اور محکمہ کھیل کے افسران نے شرکت کی۔ڈی سی کو بتایا گیا کہ ‘میری ماٹی میرا دیش’ کے بینر تلے منعقد کی گئی مہم جوئی میں بانڈی پورہ کے پانچوں تعلیمی زونوں کے 55 نوجوان طلباء کو اکٹھا کیا گیا ہے۔

انہیں مزید بتایا گیا کہ طلباء دریافت اور دوستی کے سفر پر گامزن ہیں، کیونکہ وہ گریز کے مناظر سے گزریں گے۔اس موقع پر ڈاکٹر اویس نے شرکا کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کی مہمات طلبہ کو ٹیم ورک، جسمانی فٹنس اور اپنے ملک سے تعلق کے احساس کو فروغ دیتے ہوئے اپنے وطن کے قدرتی حسن سے جڑنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔