بارہمولہ//پیرنیا بونیار میں قائم گرڈاسٹیشن پندرہ روزقبل بھاری برف باری کے دوران خراب ہوا تھا اور ابھی تک اُسے ٹھیک کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی، جس کے نتیجے میں کئی دیہات برقی رو سے محروم ہیں ۔مقامی لوگوں کے مطابق پندرہ روز قبل اس گرڈ اسٹیشن کاٹرانسفارمر خراب ہوگیا جس کی وجہ سے اس گرڈکے ساتھ منسلک دیہات گانٹہ مولہ بالا ،گانٹہ مولہ پائین ،کالونی ،منزگام، زہن پورہ اور کچہامہ کے علاوہ دیگر کئی محلہ جات گذشتہ 15روز سے بجلی سپلائی سے محروم ہیں۔ مشتاق احمدنامی ایک مقامی باشندے نے بتایا کہ اس گرڈ اسٹیشن کو پچھلے سال ہی عوام کے نام وقف کیا گیاتھا تاہم ایک سال کے اندر ہی بیکار پڑاہے ۔لوگوں نے محکمہ بجلی کے اعلیٰ افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹرانسفارمر کی مرمت کرکے اس بڑے علاقے میںبجلی سپلائی بحال کی جائے۔ادھر بدمولہ نارواو میں نصب بجلی ٹرانسفارمر خراب ہے جس کے نتیجے میں مقامی آبادی گزشتہ دس روز سے گھپ اندھیرے میں ہے ۔ ایک مقامی شہری ظہور احمد نے بتایا کہ بٹ محلہ بدمولہ میں نصب ایک63کے وی بجلی ٹرانسفارمر دس روز قبل خراب ہوا جس کو بعد میں مرمت کیلئے ورکشاب لیا گیا تاہم ابھی تک واپس نہیں لایا گیا۔مقامی لوگوں کے مطابق یہ ٹرانسفامر اکثرو بیشترخراب رہتاہے لیکن محکمہ کوئی دھیان نہیں دے رہا ہے۔