نیوز ڈیسک
سرینگر//وادی کشمیر میں بدھوار کو سکھوں کے چھٹے گرو ہرگوبند سنگھ جی کا یوم پیدائش یا پرکاش پرو انتہائی جوش و خروش اور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔بدھ کی صبح سے ہی سکھ برادری سے وابستہ عقیدت مندوں کا گردواروں اور دوسرے مذہبی مقامات پر تانتا بندھا رہا۔ وادی میں گرو ہرگوبند سنگھ کے جنم دن کے سلسلے میں سب سے بڑی تقریب چھٹی پادشاہی گردوارہ میں منعقد ہوئی ۔سکھ عقیدت مندوں کی بڑی تعداد، جس میں خواتین، بوڑھے اور بچوں کی خاصی تعداد شامل تھی، نے صبح سویرے سے ہی اس گردوارے پر حاضری دینا شروع کی ۔اس موقع پر سکھ عقیدت مندوں کے لئے خصوصی لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔چھٹی پادشاہی گردوارہ تقریب کی طرز پر بارہمولہ، ترال، جواہر نگر، صنعت نگر ، برزلہ اور وادی کے دوسرے مقامات پر بھی تقاریب کا انعقاد عمل میں آیا۔صوبہ جموں سے موصولہ اطلاعات کے مطابق وہاں بھی گرو ہرگوبند سنگھ جی کا جنم دن انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا ۔اس موقع پر شہر کے تمام گردواروں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ۔ صوبے کے دوسرے اضلاع بشمول ادھم پور، کٹھوعہ اور سانبہ میں بھی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ۔