گرو نانک کے پرکاش دیوس کے انتظامات کا جائزہ لیاگیا

پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندر جیت نے گروپورب (گرو نانک دیو جی کے پرکاش دیوس) کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ منعقد کی جس میں مذہبی رہنمائوں اور سرکردہ شہریوں نے گرو پور کے انتظامات سے متعلق مختلف مسائل اٹھائے۔ انہوں نے انتظامیہ سے گزارش کی کہ جشن کے دوران پینے کے پانی، بجلی کی فراہمی، صفائی، حفاظتی انتظامات، طبی سہولیات وغیرہ کو یقینی بنایا جائے۔ ڈی سی نے مذہبی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ ضلع انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور COVID-19 کنٹرول کیلئے تمام ضروری SOPs اور رہنما اصولوں پر عمل کریں۔ ڈی ڈی سی نے اس موقع پر پونچھ کے تمام گرودواروں کو پانی اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے گرودواروں کے آس پاس کے علاقوں میں اضافی لائٹس فراہم کرنے اور مین اسٹریٹ لائٹس کی مرمت کرنے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے گرو پورب کی پروقار تقریبات کو کامیاب بنانے کے لیے جامع سیکیورٹی اور ٹریفک پلان ترتیب دینے کی ہدیت کی۔ ڈی ڈی سی نے چیف میڈیکل آفیسر کو مذہبی مقامات پر ماسک،سینیٹائزر اور میڈیکیئر کی سہولت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔اس اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ریونیو ظہیر احمد کیفی، تحصیلدار حویلی انجم بشیر خان خٹک، اسسٹینٹ لیبر کمیشنر عابد حسین شاہ،چیف میڈیکل افسر پونچھ، جی اے ملک، مختلف محکموں کے ایگزیکٹو انجینئر، سی ای او بلدیہ، اے ڈی فوڈ، کے علاوہ سول سوسائٹی کے ارکان، ممتاز شہری اور مذہبی سربراہان بشمول صدر ڈی جی پی سی پونچھ نریندر سنگھ، صدر ایس ڈی ایس، ستیش ساسن، خطیب امام مفتی فاروق احمد مصباحی اور دیگران نے شرکت کی۔