گرو نانک دیو جی کا 554 واں یوم پیدائش،لیفٹیننٹ گورنر کی مبارکباد سرینگر اور وادی کے دیگر مقامات پر گردواروں میں شبد کیرتن

عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//وادی کشمیر میں پیر کے روز سخت سردی کے بیچ سکھ مذہب کے بانی و پہلے گرو شری گرو نانک دیو جی کا 554 واں یوم پیدائش انتہائی مذہبی و جوش و جذبے اور تزک و احتشام کے ساتھ منایا گیا۔وادی کے قرب و جوار میں پیر کی صبح ٹھٹھرتی سردی کے باوجود سکھ برادری کے لوگوں، جو نئے کپڑے زیب تن کئے ہوئے تھے، کا گردواروں پر تانتا بندھا رہا۔اس سلسلے میں سب سے بڑی تقریب کوہ ماراں کے دامن میں واقع سکھوں کے مشہور چھٹی پادشاہی گردوارہ میں منعقد ہوئی جہاں عقیدت مندوں کی بڑی تعداد جن میں مر و زن اور پیر و جواں شامل تھے، صبح سے ہی جمع ہو کرشبد کیرتن میں حصہ لے رہی تھی۔جموں و کشمیر کے پولیس سربراہ آر آر سوین نے دیگر اعلیٰ افسروں کے چھٹی پادشاہی پہنچ کر دعائوں اور منتوں میں حصہ لیا۔ اس موقع پر وادی اور ملک کی خوشحالی و ترقی کے لئے دعا کی۔خصوصی تقریبات کا انعقاد گردوارہ باغات برزلہ،چھانہ پورہ، مہجور نگر، لاوے پورہ، جنوبی کشمیرکے شادی مرگ پلوامہ، بجبہاڑہ اور مٹن اننت ناگ میں بھی ہوا جہاں گرو نانک دیوجی نے لداخ کے راستے چین جانے سے قبل کچھ وقت کے لئے قیام کیا تھا۔بتایا جا رہا ہے کہ چین جانے سے قبل گرو جی کچھ وقت کے لئے لیہہ میں بھی رکے تھے جہاں بعد میں ایک گردوارہ تعمیر کیا گیا تھا۔کشمیری مسلمان اور کشمیر پنڈت سکھوں کو گرو نانک دیوجی کے 554 ویں جنم دن کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے نظر آ رہے تھے۔خطہ جموں میں بھی گرو نانک دیوجی کا جنم دن مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔

ایل کی مبارکباد
سکھ مذہب کے بانی شری گرو نانک دیو جی کے یوم پیدائش پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں و کشمیر کے لوگوں کو مبارک باد پیش کی ہے ۔ایک پیغام میں، لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ہے، گرو نانک دیو جی کی جینتی کے پرمسرت موقع پر، میں سب کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا: ‘گرو نانک جی کی مساوات، بھائی چارے اور ہمدردی کی تعلیمات آج کے دور میں بھی انتہائی اہمیت کی حامل ہیں اور ہمیں اپنے آپ کو ان تعلیمات کے لئے دوارہ وقف کرنا چاہئے’۔انہوں نے کہا کہ گرو نانک دیو جی کا مساوات، بھائی چارہ، سچائی، ہمدردی اور نیک زندگی گزارنے کی اہمیت کا گہرا پیغام انسانیت کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ آئیے اس دن ان کی عظیم تعلیمات پر عمل کرنے کا عزم کریں اور اپنے آپ کو انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کر دیں۔