۔29 اور 30ستمبر کو موسم میں پھر تبدیلی کا امکان:محکمہ موسمیات
اشفاق سعید
سرینگر //کشمیر کے چند بالائی علاقوں میں برفباری اور میدانی علاقوں میںموسلادھار بارشوں نے طویل خشک موسم کے دور کو ختم کر دیا اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی آنے سے ٹھنڈ کا آغاز ہوگیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گریز کے رازدان ٹاپ اور تلیل کے پہاڑوںپر موسم کی پہلی برف باری ہوئی ہے۔ اتوار اور پیر کی درمیانی شب پہلے بارشیں ہوئی اور اسکے بعد گریز کی وادی میں ہلکی برفباری ہوئی اور صبح کے وقت گریز اور تلیل میں دھند چھائی رہی۔امر ناتھ گھپا کے ارد گرد بھی ہلکی برفباری ریکارڈ کی گئی جبکہ پہلگام میں اچھی خاصی ٹھنڈ شروع ہوگئی ہے۔پیر کی گلی اور سادھنا ٹاپ پر بھی ہلکی برف کی پرت بچھ گئی۔ادھر گزشتہ شب پونچھ ضلع کے منڈی علاقے میں ساوجیاں اور لورن میں بھی ہلکی برفباری ہوئی ۔اس سے قبل گلمرگ کی افروٹ پہاڑی سلسلے پر اتوارکو برفباری ہوئی تھی۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کشمیر عظمیٰ کوبتایا کہ افروٹ، سونہ مرگ،کنگن کے بالائی علاقوں، رازدان ٹاپ گریز اور پونچھ سمیت دیگر بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری ہوئی۔
سونہ مرگ ، کھلن مرگ، تھجواس، پنجترنی بالتل، زیرو پوائنٹ زوجیلا اورمٹائین دراس میں رواں سال کی پہلی برفباری سے پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے۔اْنہوں نے کہا کہ اتوار کی شام سے ہی وادی کے بیشترعلاقوں میں بارشیں شروع ہوئیں جو پیر کی صبح تک جاری رہیں۔اْنہوں نے کہا کہ آئندہ چند روز میں جموں و کشمیر میں موسم میں کوئی بڑی تبدیلی متوقع نہیں ہے ،تاہم اس دوران کہیں کہیں ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ28 ستمبر تک موسم خشک رہے گا۔تاہم مغربی ہوائوں کے اثر کی وجہ سے 29 اور 30 ستمبر کو موسم میں تبدیلی آسکتی ہے ۔محکمہ کے ترجمان کے مطابق بارش سے گرمی کی لہر ختم ہو گئی ہے جو ستمبر کے دوسرے ہفتے میں دیکھنے میں آئی تھی جب وادی میں زیادہ درجہ حرارت نے 89 سال کا ریکارڈ توڑ دیاتھا۔سرینگر میں پیرکو 18.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔قاضی گنڈ میں 5.2 ملی میٹر، پہلگام میں 17.9ملی میٹر ،کپوارہ میں 3.0ملی میٹر ،کوکرناگ میں 3.2ملی میٹر اور سیاحتی مقام گلمرگ میں 20.6ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ ترجمان کے مطابق سرینگر میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت 10.8ڈگری اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25.7ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ گلمرگ میں 4.0اور زیادہ سے زیادہ 15.0، پہلگام میں 7.8 اور 23.0ڈگری ،قاضی گنڈ میں11.6 اور 26.2،کپوارہ میں 10.6اور 28.3ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔