بختیار کاظمی
سرنکوٹ// گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول چٹی تاڑکی عمارت تیس برسوں سے مرمت کی منتظر ہے تاہم متعلقہ محکمہ و انتظامیہ کی جانب سے اس جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے ۔سکول میں زیر تعلیم طلباء انتہائی خستہ حال عمارت میں اپنی تعلیم جاری رکھنے پر مجبور ہیں ۔والدین نے بتایا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے عمارت کی مرمت کے سلسلہ میں انتظامیہ سے رجوع کیا گیا لیکن ابھی تک عمارت کی مرمت کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایاگیا ۔غور طلب ہے کہ سرنکوٹ کی پنچایت لوہر سانگلہ کے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول چٹی تاڑکی جگہ کا تعین1982 میںکیا گیا تھا اور1992 میں سکول کی عمارت تعمیر کی گئی تھی لیکن اس کے بعد عمارت کو یوں ہی چھوڑ دیا گیا اور اب تک ایک مرتبہ بھی مکمل مرمت نہیں کی جاسکی ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ ٹین کی چھت میں استعمال کی گئی لکڑیاں بوسیدہ ہو کر گر چکی ہیں جبکہ ٹین کی چادریں بھی انتہائی خستہ حال ہو ئی ہیں ۔والدین نے بتایا کہ وہ اب اس خستہ حال عمارت میں اپنے بچوں کو تعلیم حاصل کرنے کیلئے بھیجنے سے ڈرتے ہیں ۔مکینوں نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ عمارت کی مرمت کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ بچوں کی پریشانی حل ہو سکے ۔
گرلز پرائمری سکول چٹی تاڑ کی عمارت مرمت کی منتظر
