گرفتاریوں کا لامتناہی سلسلہ جاری

سرینگر//فریڈم پارٹی کے ترجمان نے وادی کے ا طرف و اکناف میں گرفتاریوں کے تازہ دورانیے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قید و بند اور اسی طرح کے دیگر سامراجی حربے جموں کشمیر کے عوام کو خاموش نہیں کرسکتے ہیں۔انہوں نے خاص کر قصبہ اننت ناگ اور اس کے آس پاس دوران شب چھاپوں کے دوران نوجوانوں کی گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ نوجوانوں کو ٹارگٹ بنانے کے بجائے وہ تنازع کشمیر کے بارے میں تاریخی حقائق تسلیم کرکے اس دیرینہ مسئلے کو یہاں رہنے والے لوگوں کی مرضی کے مطابق حل کرنے کے اقدامات کریں۔ صرف یہی ایک صورت ہے جس سے پائیدار امن قائم ہوگا اور پورا خطہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔دریں اثناء فریڈم پارٹی کا ایک وفد ایڈو کیٹ فیاض احمد سوداگر کی قیادت میں آنچی ڈورہ اننت ناگ گیا جہاں اُس نے جان بحق ہوئے رٔوف احمد نامی نوجوان کے گھروالوں کے ساتھ اظہار تعزیت و یکجہتی کیا۔ رؤف احمد کو گذشتہ دنوں چوگام قاضی گنڈ میں سرکاری فورسز نے موت کی ابدی نیند سلادیاتھا۔ایڈوکیٹ فیاض سوداگر نے سوگوار گھرانے کے افراد سے بات کرتے ہوئے کہا کہ رؤف احمد جیسے نہتے شہریوں کو جان سے مارڈالنا بھارت کی جمہوریت پر بد نما داغ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی ہلاکتیں متاثرہ گھرانوں کو زندگی بھر کیلئے غم میں ڈال دیتی ہیں اور خاص کر اُن کے والدین کی پوری زندگیاں المناک بن کر رہ جاتی ہیں۔ انہوں نے غمزدہ افراد خانہ کی ڈھارس بندھائی اور انہیں یقین دلایا کہ پوری قوم اُن کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے اُن کے صبر کی بھی دعا کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ مظلوموں کی آہ و بکاہ ظلم کی تاریک و سیاہ رات کو مختصر کرے گی۔ درایں اثناء لبریشن فرنٹ چیئرمین نے ضلع صدر گاندربل کے صدر بشیر احمد راتھر (بویا) کی پولیس کے ہاتھو ں گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ پولیس نے کل رات بشیر احمد کو گرفتار کیا اور انہیں پولیس اسٹیشن میں مقید کردیا گیا ہے۔ اس دوران مسلم لیگ  نے جنرل سیکریٹری محمد رفیق گنائی کے گھر پر آدھی رات کے وقت پولیس کی طرف سے چھاپہ ڈال کر اس کی بیوی اور بچوں کو ہراساں کرنے اور شعبہ نشرو اشاعت کے سیکریٹری فیروز احمد خان کو بیس دنوں تک کاکاپورہ پولیس اسٹیشن میں مقید رکھنے کے بعد پی ایس اے کے تحت کورٹ بلوال جیل منتقل کرنے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے بدترین سیاسی انتقام گیری قرار دیا ہے ۔