سرینگر// حریت (گ) نے فورم کے جنرل سیکریٹری حاجی غلام نبی سمجھی، محمدیاسین عطائی اور سید امتیاز حیدر کو گرفتار کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکمران جموں کشمیر کو میدانِ جنگ میں تبدیل کرکے یہاں قبرستان کی خاموشی قائم کرنا چاہتے ہیں۔ حریت نے گرفتاریوں کے تازہ چکر کے نتیجے میں اب تک سینکڑوں دینی اور سیاسی افراد کو گرفتار کرکے تھانوں اور جیلوں میں بند کرنے کی کارروائی کو انتقام گیری قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے آزادی پسند عوام کے جذبہ کو سیاسی طور مقابلہ کرنے کے بجائے جیلوں اور عقوبت خانوں کے دروازے کھول کر پوری آبادی کے خلاف اعلانِ جنگ کیا ہے اور ہمیں بحیثیت قوم اپنی مسلکی اور سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکرپوری یکجہتی اور یکسوئی کے ساتھ اس جارحیت کا مقابلہ کرنا چاہیے۔