سرینگر//حریت (ع) ترجمان نے ریاستی حکمرانوں کی جانب سے عید الفطر کے موقعہ پر وادی کے طول و عرض میں مزاحمتی قائدین و کارکنوں کی گرفتاریوں ، ان کے گھروں پر شبانہ چھاپوںاورمکینوں کو ہراساں کرنے کی مذمت کرتے ہوئے اسے آمرانہ سیاستکاری کا عکاس قرار دیا ہے ۔ ایک بیان میںترجمان نے ریاستی انتظامیہ کی جانب سے حریت چیئرمین میرواعظ محمد عمر فاروق کی مسلسل نظر بندی اور جمعتہ الوداع کے عظیم اور مقدس دن پر بھی موصوف کو نماز جمعہ اور منصبی ذمہ داری ادا کرنے سے روکنے اور تاریخی جامع مسجد کو کشمیر کی جدید تاریخ میں پہلی بار تالہ بند رکھنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ طاقت کے بل پر جہاں سیاسی حقوق پہلے سے ہی سلب کرلئے گئے ہیں وہاں اب ایک مذموم حربے کے طور پر ہمارے مذہبی حقوق پر بھی مسلسل شب خون مارا جارہا ہے ۔ترجمان نے لبریشن فرنٹ کے سربراہ محمد یاسین ملک کی گرفتاری، حریت رہنما غلام نبی زکی کے گھر پرپولیس چھاپے کی مذمت کی ہے۔