گردوں کے عالمی دن پر سکمز میں تقریب کا انعقاد

سرینگر //شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ میں گردوں کے عالمی دن کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیاجس دوران گردوں کی بیماریوں کے بارے میں جانکاری بڑھانے پر زوردیا گیا ۔ اس سال ’’سب کیلئے گردوں کی صحت،جانکاری میں کمی کو دور کرکے گردوں کا خیال رکھو‘‘ کے موضوع کا انتخاب کیا گیا تھا ۔اس موقعہ پر کنسلٹنٹ ڈاکٹر امتیاز احمد وانی کی جانب سے ترجمہ کی گئی کتاب ’’ گردوں کا بچائو‘‘کی رسم رونمائی بھی انجام دی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر سکمز ڈاکٹرپرویز احمد کول نے اپنے خطاب کے دوران شعبہ نفرولوجی کے عملہ کو گردوں کے مرض میں مبتلا لوگوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے پر مبارک بادی ۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ نفرولوجی نہ صرف مریضوں کو بہتر طبی نگہداشت فراہم کرتا ہے بلکہ گردوں کی صحت کے بارے میں لوگوں میں جانکاری بڑھانے میں بھی اہم رول ادا کرتا ہے۔ تقریب میں ڈین میڈیکل فیکلٹی پروفیسر طارق احمد گوجواری نے جانکاری پروگرام منعقد کرنے پر منتظمین کو مبارک باد دی اور کہا کہ ایسے پروگرام لوگوں میں جانکاری بڑھانے میں ہم ہوتے ہیں۔ شعبہ نفرولوجی کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف بٹ نے شعبہ کی سرگرمیوں اور حصولیابیوں کے بارے میں جانکاری فراہم کی۔ پروگرام کے دوران ماہرین نے گردوں کی مختلف بیماریوں کی وجوہات پر تفصیلی روشنی ڈالی اور کہا کہ شوگر اور بلڈ پریشر گردوں کو خراب کرنے میں اہم رول ادا کرتے ہیں۔ تقریب میں پروفیسر محمد اشرف بٹ کے علاوہ ایچ او ڈی یورولاجی ڈاکٹر محمد سلیم وانی ، پروفیسر شارک مسعودی، پروفیسر مظفر مقصود بھی موجود تھے جبکہ فیکلٹی ممبران کے علاوہ طلبہ اور دیگر عملہ نے بھی تقریب میں شرکت کی۔