گردوں کی پیوندکاری | سپر سپیشلٹی اسپتال کو اجازت مل گئی

سرینگر //نئی دلی میں محکمہ صحت و خاندانی بہبود نے سپر سپیشلٹی اسپتال شیرین باغ سرینگرمیں گردوں کی پیوندکاری کی اجازت دی ہے اور یہ اجازت نامہ 5 سال کیلئے جا ری کیا گیا ہے۔پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر ڈاکٹر ثامیہ رشید نے کہا ہے کہ جی ایم سی سرینگر کے شعبہ یورولوجی کو 4سال کی انتھک محنت کے بعد سپر سپیشلٹی اسپتال میں گردوں کی پیوندکاری کیلئے جراحی کرنے کی اجازت مل گئی ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ گردوں کی پیوندکاری شروع کرانے میں شعبہ یورولاجی کے سربراہ ڈاکٹر سید سجاد نذیر اورڈاکٹر تجمل حسین خان کی محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپر سپیشلٹی اسپتال میں پیوندکاری یکم نومبر سے شروع ہونے کی اُمید ہے۔انہوں نے کہا کہ سرینگر میں گردوں کے پیوندکاری کا دوسرا سینٹر قائم ہونے سے گردوں کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کو کافی فائدہ پہنچے گا جبکہ گردوں کی پیوندکاری کے خواہشمند مریضوں کو اب جراحیوں کیلئے بیرون ریاست جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔